*میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا مختلف علاقوں کا دورہ، برساتی پانی کی نکاسی کے انتظامات کا جائزہ*

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں ناگن چورنگی، دو منٹ چورنگی، سرجانی، سخی حسن، کے ڈی اے چورنگی، حیدری اور دیگر مقامات کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ٹیموں نے دن رات محنت کر کے ان تمام علاقوں کو کلیئر کردیا ہے جس کا انہوں نے خود موقع پر جاکر معائنہ کیا،

میئر کراچی نے کہا کہ بروقت ڈسپوزل اور عملے کی تیز رفتار کارکردگی کی بدولت برساتی پانی کے اخراج کو یقینی بنایا گیا ہے اور شہر کے تمام علاقوں سے پانی کے جلد از جلد اخراج کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں،دورے کے دوران میئر کراچی نے عوامی شکایات بھی سنیں اور فوری حل کے احکامات جاری کئے، انہوں نے کہا کہ گجر نالہ اپنی اصل حالت میں بہہ رہا ہے اور اگر نالوں کی بروقت صفائی نہ کی جاتی تو صورتحال مختلف ہوتی،میئر کراچی نے گرومندر، جہانگیر روڈ، فیڈرل بی ایریا، شاہراہ پاکستان، شیر شاہ سوری روڈ اور دیگر مقامات کے دورے کے دوران کہا کہ کچھ چاکنگ پوائنٹس سے واٹر کارپوریشن کے عملے کو پتھر اور بجری کے تھیلے ملے ہیں تاہم انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان رکاوٹوں کو دور کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ شاہراہ پاکستان، شاہراہ اورنگزیب اور راشد منہاس روڈ پر ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی ہے جبکہ شیر شاہ سوری روڈ بھی ٹریفک کے لیے کھلا ہے جہاں سے شہریوں کی شکایات موصول ہو رہی ہیں وہاں خود جاکر صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مسائل کا بروقت حل ممکن بنایا جا سکے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع غربی کے دورے کے دوران کہا کہ 2020 اور 2021 کی بارشوں میں یوسف گوٹھ مکمل طور پر تباہ ہوگیا تھا اور سیلابی منظر پیش کر رہا تھا، ہم نے یوسف گوٹھ میں نیا بڑا نالہ تعمیر کیا تاکہ سیوریج کے نظام کو بہتر بنایا جاسکے،آج یوسف گوٹھ میں بارش کے بعد پانی کی نکاسی بہتر رفتار سے ہو رہی ہے اور خوفناک بارش کے باوجود علاقے کی گلیاں زیر آب نہیں آئیں کیونکہ نالے کی نکاسی مؤثر انداز میں کی جا رہی ہے،بلدیہ عظمیٰ کراچی نے نارتھ ناظم آباد سے سہراب گوٹھ تک تمام راستے کلیئر کر دیئے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان اس علاقے میں دلجمعی سے کام کررہے ہیں جس کے باعث یہاں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، عوامی نمائندے بھی بھرپور انداز میں کام کررہے ہیں اور یہ فرق واضح طور پر نظر آرہا ہے جو لوگ صرف تنقید کرتے ہیں اور باتیں بناتے ہیں وہ ایک طرف ہیں مگر ہمارا عملی کام خود بول رہا ہے،اس موقع پر سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، ٹاؤن چیئرمین حاجی نواز بروہی، یوسی چیئر پرسن زوبیدہ،دیگر منتخب نمائندے اور افسران بھی موجود تھے۔

جواب دیں

Back to top button