گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ضلع غذر میں شدید نقصانات ہوئے ہیں ۔صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ضلع غذر میں شندور روڈ راؤشن کے مقام پر بند ہے

جبکہ گوپس روڈ پر پانی کے بہاؤ کے باعث احتیاطی طور پر ٹریفک کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے۔شدید بارشوں کے باعث سیلاب نے 50 فیصد زرعی زمین تباہ کر دی ہے، 8 مکانات کو نقصان پہنچا، 3 مکمل طور پر بہہ گئے، 2 پل تباہ، متعدد سڑکیں اور گھر متاثر ہوئے ہیں۔دوسری جانب واٹر مینجمنٹ ٹیم کو پانی کے بہاؤ کی نگرانی کے لیے ہائیڈرو میٹرز سمیت تکنیکی آلات فراہم کیے گئے،اسی سلسلے میں تکنیکی ٹیم نے متاثرہ مقام کا دورہ کیا،جبکہ ملبے کے اخراج کے لیے کنٹرولڈ ڈسچارج کا عمل جاری ہے۔ آئندہ 48 گھنٹوں میں سڑکوں کی بحالی بھی متوقع ہے۔موقع پر این ایچ اے عملہ، اسکاؤٹس اور مشینری ہائی الرٹ ہے۔متاثرین کے لیے ضروری اشیاء کی منتقلی یقینی بنائی گئی اور طبی ٹیمیں بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار ہیں۔پینے کا پانی اور دیگر ضروری سامان فراہم کر دیا گیا،اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دیامر میں تمام سڑکیں کھلی رہیں۔ہنزہ میں حسن آباد پر کے کے ایچ بند ہے، متبادل راستہ شاہرا ہ نگر کے ذریعے دستیاب ہے، ہنزہ میں شمشال روڈ بند ہے نگر، استور، سکردو میں تمام سڑکیں کھلی ہیں،کوئی نیا واقعہ رونما نہیں ہوا ہے، گانچھے میں وقفے وقفے سے بارش کےباعث ہوشے ویلی کی طرف جانے والی سڑک بند ہوئی ہے،شگر داسو سے ہوٹو تک سڑک کئی مقامات پر بند ہے جبکہ کھرمنگ تورغن ویلی روڈ بھی بند ہے۔






