وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت صوبے کے عوام کو صاف اور معیاری پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خوشاب، بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان میں جدید آٹو میٹک واٹر فلٹریشن اور باٹلنگ پلانٹس لگانے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔اس پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 19 لیٹر پانی کی بوتلوں میں آرسینک اور دیگر مضر صحت مادوں سے پاک پانی مہیا کیا جائے گا۔

منصوبہ تقریباً ایک سال میں مکمل کیا جائے گا اور یہ سسٹین ایبل ماڈل کے تحت چلایا جائے گا۔سپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ وقار عظیم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں محکمہ ہاؤسنگ کی ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ سب کمیٹی نے منصوبے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل، سی ای او پنجاب صاف پانی اتھارٹی، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق جدید واٹر فلٹریشن اور باٹلنگ پلانٹس ہر گھنٹے 5 ہزار لٹر پانی فلٹر اور پیک کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آر او فلٹریشن ٹیکنالوجی کے ذریعے زمینی پانی کو پینے کے قابل بنا کر بوتلوں میں فراہم کیا جائے گا۔ منصوبے میں وسائل کی بچت کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹس کو شمسی توانائی سے چلایا جائے گا۔مزید برآں، شہریوں کی سہولت کے لیے پانی کی بوتلیں آبادیوں کے قریب ترین مقامات پر فراہم کی جائیں گی جبکہ فلٹریشن پلانٹس سے حاصل ہونے والے پانی کے سیمپلز کا باقاعدگی سے معائنہ بھی کرایا جائے گا تاکہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔






