ڈی جی ایل ڈی اے طاہرفاروق نے کہاہے کہ ایلیویٹڈ ایکسپریس منصوبہ لاہور شہر کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نےایلیویٹڈ ایکسپریس وے منصوبے کے مجوزہ روٹ سی بی ڈی گلبرگ سے بند روڈ تک علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔

ڈی جی ایل ڈی اے کو مین بلیوارڈ گلبرگ، جیل روڈ، شمع سٹاپ، سمن آباد، گلشن راوی اور بند روڈ کے دورہ کے موقع پرچیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید، ایل ڈی اے اور نیسپاک کی ٹیم نے بریفنگ میں بتایاکہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے گلبرگ سے موٹر وے ٹول پلازہ کو جوڑے گا۔ایلیویٹڈ ایکسپریس وے 11.5 کلومیٹر پر محیط ہوگا۔شہر کے مرکز سے موٹروے ٹول پلازہ کا سفر صرف 10 سے 15 منٹ میں طے ہوگا۔اس منصوبے سے لاکھوں گاڑیاں مستفید ہوں گی، وقت اور ایندھن کی بچت ہو گی۔ڈی جی ایل ڈی اے نے ایلیویٹڈ ایکسپریس وے میں ممکنہ چیلنجز اور روٹ کا جائزہ لیا اور روٹ میں آنے والے کینٹ ڈرین کے اطراف آبادی کا بھی جائزہ لیا۔ڈی جی ایل ڈی اے کو منصوبے کے ٹیکنیکل پہلوؤں اور لینڈ ایکوزیشن بارے بھی بریفنگ دی گئی۔






