ڈی سی لاہور کا تحصیل سٹی کے مختلف علاقوں کا دورہ،میونسپل سروسز کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ لاہور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ‘کلین لاہور مشن’ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح متحرک ہے، جس کے تحت ڈی سی لاہور نے تحصیل سٹی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور میونسپل سروسز کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دورے کے دوران سرکلر روڈ، شیرانوالہ، اور کشمیری گیٹ جیسے اہم علاقوں میں صفائی اور سیوریج کے انتظامات کا معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، چیف آفیسر بلدیہ عظمیٰ لاہور، اسسٹنٹ کمشنر سٹی، واسا، ایل ڈبلیو ایم سی اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی بابر علی رائے نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو میونسپل سروسز کی فراہمی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے کئی مقامات پر کھلے مین ہولز اور غیر مؤثر ڈرین کے انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور واسا کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ پانی کی نکاسی کے نظام اور کھلے مین ہولز کے حوالے سے اپنی کارکردگی کو فوری طور پر بہتر بنائے۔ انہوں نے ناقص صفائی انتظامات پر ایل ڈبلیو ایم سی کے حکام کی بھی سرزنش کی اور مؤثر صفائی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے شہر کو خوبصورت بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے، ڈی سی لاہور نے تجاوزات، پینا فلیکس، اور بصری آلودگی کو ہٹانے کے لیے فوری اور وسیع پیمانے پر اقدامات کی ہدایت جاری کیں۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی کو غیر قانونی ڈھانچوں کو فوری طور پر مسمار کرنے کا حکم بھی دیا تاکہ شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کی آمد و رفت میں رکاوٹیں دور ہوں۔ اس کے علاوہ، میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کو سڑکوں پر پیچ ورک کا کام بھی بلا تاخیر مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں تاکہ سڑکوں کی حالت بہتر ہو سکے۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے مؤقف اختیار کیا کہ شہریوں کو بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے اور صفائی و سیوریج کے مسائل حل کرنا ضلعی انتظامیہ لاہور کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ شہر کی خوبصورتی اور تاریخی ورثے کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اور تجاوزات کے خاتمے سے لاہور کے شہریوں کو آمد و رفت میں نمایاں سہولت ملے گی۔

جواب دیں

Back to top button