سپاشل پلاننگ اتھارٹی ایک انقلابی قدم ثابت ہوگا،نجی ہاؤسنگ سکیموں کے لئے درکار غیر ضروری این او سیز کا خاتمہ کیا جائے گا،وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ بے ہنگم تعمیرات کی بجائے ماسٹر پلاننگ والی ہاؤسنگ سکیموں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ ہاؤسنگ سیکٹر کیلئے سپاشل Spatial پلاننگ اتھارٹی ایک انقلابی قدم ثابت ہوگا۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو (ایس ایم بی آر) نبیل جاوید، سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، سیکرٹری ہاؤسنگ نے بھی شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے اور ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران ہاؤسنگ سکیموں کے معاملات ریگولیٹ کرنے کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلٰی مریم نواز چاہتی ہیں کہ عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا ہوں۔ ہاؤسنگ سیکٹر کے معاملات میں شفافیت لانے کے لئے وزیراعلٰی خود سپاشل پلاننگ اتھارٹی کے معاملات دیکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 32 اضلاع میں پلاننگ سپورٹ سسٹم (پی ایس ایس) رائج کیا جا رہا ہے۔ جس کے تحت گرین ایریاز میں ہائوسنگ سکیم یا تمام حکومتی منصوبوں سے پہلے اجازت ضروری ہوگی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ نجی ہائوسنگ سکیموں کے لئے درکار غیر ضروری این او سیز کا خاتمہ کیا جائے گا۔ ہاؤسنگ سکیموں کا تمام ریکارڈ ڈیش بورڈ پر دستیاب ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پلاٹوں کی ٹرانسفر 100 فیصد شفاف بنائیں گے۔ کیو آر کوڈ کے ذریعے نقشے اور پلاٹ کی تفصیل دیکھی جا سکے گی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ اراضی فرد کے اجرا کے لئے فرنچائز سروسز کے اجرا پر کام ہو رہا ہے۔ امکان ہے کہ مارچ میں اس کا آغاز ہو جائے گا اور شہریوں کو پٹواری کے پاس جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ ہائوسنگ سکیموں کے منظور شدہ ماسٹر پلان میں ٹھوس وجوہات کے بغیر تبدیلی نہیں ہونی چاہیئے۔ پورے پنجاب میں ایک سسٹم لائیں گے جس میں چھوٹے علاقوں کی ضروریات کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔

اجلاس میں دوسری بار ڈویلپمنٹ چارجز میں اضافہ تھرڈ پارٹی کی سرٹیفکیشن سے مشروط کرنے پر غور کیا گیا۔ پراپرٹی ٹرانسفر سسٹم پر رجسٹریشن کرانے والوں کو 25 فیصد رعایت دینے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔

ایس ایم بی آر نبیل جاوید نے اجلاس کو بتایا کہ ڈیجیٹل ٹیکس کولیکشن کے ذریعے اراضی کی ہر رجسٹری ریکارڈ پر آ رہی ہے۔ حکومتی طریقہ کار پر عملدرآمد کرنے والی سکیموں کو رعایات دی جائیں گی۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے بتایا کہ ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری میں التوا کافی حد تک ختم ہوچکا ہے۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ مقررہ ٹائم لائن کے اندر منظوری کا عمل مکمل ہوجائے۔

جواب دیں

Back to top button