*بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ناتھا خان پل کے متبادل سڑک کی تعمیر کا فیصلہ*

بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) نے ناتھا خان پل کے متبادل سڑک کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ٹریفک کے دباؤ میں کمی لائی جا سکے اور پل کی بار بار مرمت کے مسائل کا مستقل حل نکالا جا سکے، پل کی بگڑتی ہوئی حالت اور لوہے کی چوری کے بار بار پیش آنے والے واقعات کے باعث اسے مسلسل مرمت کی ضرورت پیش آتی رہی ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کے ایم سی انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی ہے

کہ شہریوں کے لیے ٹریفک کی روانی اور طویل مدتی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے متبادل راستے کی تعمیر فوری طور پر شروع کی جائے، یہ فیصلہ میئرکراچی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی (پی اے ایس) اور انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ میئر کراچی نے اس بات پر زور دیا کہ عارضی مرمت کے بجائے مستقل اور پائیدار حل کی طرف توجہ دی جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تفصیلی سروے ایک ہفتے کے اندر مکمل کیا جائے اور رپورٹ جمع ہونے کے فوراً بعد تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے۔ سروے اور راستے کی منصوبہ بندی پر کام پہلے ہی شروع کر دیا گیا ہے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا ازالہ کرنا اور شہری سہولیات کو بہتر بنانا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ شہریوں کو ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جو دیرپا اور نظر آنے والے نتائج دیں۔ ناتھا خان کوریڈور شہر کو ایئرپورٹ اور بڑی شاہراہوں سے ملانے والا ایک اہم رابطہ ہے، اس منصوبے کو فوری اور ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جانا چاہیے۔ کے ایم سی نے شہری انفراسٹرکچر میں بہتری اور کراچی کے شہریوں کو محفوظ، مؤثر اور سہل سفری سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب دیں

Back to top button