ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سےاہم اجلاس

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت سبزیوں اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، محکمہ انڈسٹری کے نمائندگان، مارکیٹ کمیٹی کے اراکین اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ خصوصاً سبزیوں، ٹماٹر، پیاز، آلو، دالوں، اور گوشت کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کچھ مقامات پر قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ عوامی مشکلات کا باعث بن رہا ہے، جس پر ڈپٹی کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے واضح ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو تاکید کی کہ بازاروں میں روزانہ کی بنیاد پر نرخ نامے چسپاں کیے جائیں اور ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے کسی کو بھی خود ساختہ نرخ مقرر کرنے یا عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button