نادرا ریجنل ہیڈ آفس لاہور کی جانب سے لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ (ایل جی اینڈ سی ڈی) ڈیپارٹمنٹ اور یونیسف کے اشتراک سے پیدائش، وفات اور ازدواجی حیثیت میں تبدیلی کے اندراج کے نظام سی آر ایم ایس/سی آر وی ایس پر ایک تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
گوجرانوالہ، قصور، لاہور، ساہیوال، فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن سے تعلق رکھنے والے افسران نے برتھ اینڈ ڈیتھ رولز 2025، سول رجسٹریشن مینجمنٹ سسٹم (CRMS) کی موبائل اور ویب اپلی کیشنز، نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیومیٹرک پالیسی (این آر اینڈ بی پی)، جعلسازی سے محفوظ نکاح نامہ سے متعلق تربیت حاصل کی۔

یہ تربیتی سیشن نادرا کی جانب سے افسران اور عملے کی تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے اور اداروں کے درمیان تعاون مضبوط بنانے کے لئے جاری سرگرمیوں کا حصہ ہے جن کی بدولت سول رجسٹریشن اینڈ وائٹل اسٹیٹسٹکس (سی آر وی ایس) نظام کے تحت خدمات کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔





