چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے پیر کے روز آذربائجان کے وفد اور متعلقہ افسران کے ہمراہ "آسان خدمت مرکز” بلڈنگ G-9 کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر چیئرمین سی ڈی اے اور آذربائجان کے وفد نے”آسان خدمت مرکز” کے ماڈل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے "آسان خدمت مرکز” کی تعمیراتی سرگرمیوں میں ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آذربائیجان کی اسٹیٹ ایجنسی فار پبلک سروس اینڈ سوشل انوویشن کے تعاون سے اسلام آباد میں "آسان خدمت مرکز” قائم کیا جارہا ہے اور "آسان خدمت مرکز” کے قیام کا بنیادی مقصد شہریوں کو ایک چھت تلے مختلف خدمات و سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ "آسان خدمت مرکز” کی عمارت کی تعمیر و مرمت مکمل کرنے کیلئے 24/7 کام کیا جارہا ہے اور عمارت کی تزئین و آرائش کا کام جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا۔ بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ "آسان خدمت مرکز” کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا جائے گا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ منصوبے پر کام کی جلد تکمیل کے ساتھ اعلیٰ معیار کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ "آسان خدمت مرکز” کے قیام سے اسلام آباد کے شہریوں کو کئی محکموں کی سروسز و سہولیات کا حصول ایک ہی چھت تلے ممکن ہوگا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ "آسان خدمت مرکز” کا قیام حکومت پاکستان کی ای گورننس اور سروس ڈیلیوری کی بہتری میں مددگار ثابت ہوگا۔

آذربائجان کے وفد نے کہا کہ آسان خدمت مرکز کی تعمیر اور اسکو فعال بنانے میں بھرپور تعاون اور تکینکی مدد فراہم کررہے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان اور آذربائجان کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے ساتھ سروس ڈیلوری میں بھی ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد کی ترقی کے ساتھ ساتھ شہریوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ملاقات کے اختتام پر چیئرمین سی ڈی اے نے آذربائجان کی تکینکی صلاحیتوں، استعداد کار اور تجربات سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔






