کراچی کو صاف پانی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ریڈ لائن منصوبے پر بھی کام جاری ہے، اس لیے کے فور منصوبے کے تحت پانی کی پائپ لائن اسی راستے کے ساتھ پہلے سے بچھائی جا رہی ہے تاکہ بار بار سڑکوں کی کھدائی سے بچا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبہ کراچی کے طویل مدتی پانی کے مسائل کے حل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا کہ کراچی کے عوام کو صاف اور وافر مقدار میں پانی فراہم کرنا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔کے فور منصوبے کے تحت تعمیراتی کام عزیز بھٹی پارک سے اردو یونیورسٹی تک جاری ہے جہاں صرف 300 میٹر کا حصہ عارضی طور پر بند ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ عوام کی سہولت کے لیے اس دوران متبادل راستے فراہم کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی عزیز بھٹی پارک سے اردو یونیورسٹی تک کا حصہ مکمل ہوگا، سڑک بحال کر دی جائے گی اور کام اگلے مرحلے کی جانب بڑھایا جائے گا۔ عزیز بھٹی پارک سے حسن اسکوائر تک 9.6 اور 7.2 انچ قطر کی پانی کی پائپ لائنیں بچھائی جا رہی ہیں جو مستقبل میں شہر کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کریں گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریڈ لائن منصوبے کے ساتھ ساتھ پائپ لائن بچھانے کا مقصد بار بار کھدائی سے عوامی مشکلات کو کم کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ پائپ لائن بحریہ ٹاؤن میں زیر تعمیر واٹر فلٹریشن پلانٹ سے گل بائی تک بچھائی جا رہی ہے۔ عزیز بھٹی پارک سے اردو یونیورسٹی تک سڑک کی بندش کے باعث ٹریفک میں عارضی رکاوٹ کا امکان ہے۔ وزیراعلیٰ نے ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ شہریوں کی رہنمائی کریں اور خاص طور پر صبح و شام کے مصروف اوقات میں ٹریفک کی روانی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کے دوران عوامی سہولت کو ہر ممکن حد تک یقینی بنایا جائے اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ متبادل راستوں کا استعمال کرتے ہوئے تعاون کریں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ وقتی مشکلات طویل مدتی فوائد کی راہ ہموار کریں گی۔ کے۔فور کا یہ اہم منصوبہ تیزی سے مکمل کیا جائے گا اور واٹر بورڈ سے طے شدہ شیڈول کے مطابق کام کی سخت نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت جاری ترقیاتی کاموں سے عوام کو پیش آنے والی کسی بھی تکلیف پر معذرت خواہ ہے اور کراچی کو جدید سہولیات سے آراستہ شہر بنانے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

جواب دیں

Back to top button