چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کامتعلقہ افسران کے ہمراہ شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا اور متعلقہ افسران کے ہمراہ شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ کیا۔شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا مجموعی طور پر 50 فیصد سے زائد تعمیراتی کاموں کو مکمل کرلیا گیا ہے۔ دورہ میں چیئرمین سی ڈی اے نے منصوبے کے مختلف سیکشنز پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ممبر انجینئرنگ اور متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو منصوبے کے تعمیراتی کاموں میں ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ

شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کے گرڈرز کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ اسی طرح اس منصوبے میں شامل پائل ورک بھی پایہ تکمیل کو پہنچ چکا ہے۔بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ شاہین چوک منصوبے کا بیرل اسٹرکچر کا 70 فیصد سے زائد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ بیرل اسٹرکچر کا کام مکمل ہونے کے بعد گرڈرز لانچنگ اور چھت کے کاموں کا آغاز کردیا جائیگا۔چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ شاہین چوک منصوبے کی دیواروں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اسی طرح منصوبے کی سلپ روڈز پر بھی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ شاہین چوک منصوبے سے ملحقہ پل پر ٹرانزمس سمیت دیگر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے 24/7 تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کے ابتک تعمیراتی کاموں میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبے کے تعمیراتی کاموں کی ٹائم لائنز پر ہر صورت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے منصوبے کی بیوٹیفکیشن کیلئے دیدہ زیب لینڈ سکیپنگ، ڈیجیٹل بورڈز اور ایل ای ڈی لائٹس پر بھی کام کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شاہین چوک انڈر پاس کا منصوبہ اسلام آباد شہر کے انفراسٹرکچر میں جدت اور ٹریفک کے دباؤ میں کمی کیلئے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے روزانہ سفر کرنے والے شہریوں اور گردونواح کے تعلیمی اداروں کے طلباء کو سگنل فری سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ریزیڈنٹ انجینئرز منصوبے پر جاری تمام تعمیراتی سرگرمیوں کی موثر نگرانی کے زریعے اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنائے۔

جواب دیں

Back to top button