خواتین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز لاہور کے زیراہتمام خواتین سپورٹس گالا منعقد ہوا۔ کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان نے بطور مہمان خصوصی فیتہ کاٹ کر خواتین سپورٹس گالا کا افتتاح کیا۔

صدر خواتین چیمبر آف کامرس و انڈسٹریز لاہور فلاحت عمران و اراکین چیمبر نے کمشنر لاہور کا استقبال کیا۔ کمشنر لاہور نے شاندار خواتین سپورٹس گالا انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔ کمشنر لاہور کو مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والی کھلاڑی طالبات سے متعارف کرایا گیا۔ کمشنر لاہور نے فردا فردا تمام طالبات کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔کمشنر لاہور مریم خان نے افتتاحی تقریب کے موقع پر کہا ہے کہ خواتین قابلیت، صلاحیت اور ترقی آمادہ اذہان کی بنیاد پر ہر شعبہ ہائے زندگی میں کارہائے نمایاں سرانجام دے رہی ہیں۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، زندہ و بیدار و ترقی پسند معاشرہ کی پہچان خواتین کے فعال کردار سے ہوتی ہے۔






