پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ اجلاس،چیف افسران کو بھی شریک رکھا جائے،وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کے دوران پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) میں اب تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ، پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈئیر اسد محمود اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی نے بھی شرکت کی۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام شہروں میں میونسپل سہولیات کی فراہمی کا بڑا منصوبہ ہے جس کے تحت چھوٹے بڑے شہروں میں ڈرینز اور سیوریج نظام کی تعمیر و مرمت یقینی بنائی جائے گی۔ علاوہ ازیں برساتی پانی کے ذخیرے کے لئے زیرزمین ٹینک بنائیں جائیں گے۔ سڑکوں گلیوں کی بحالی اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب بھی اسی پروگرام کا حصہ ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ پی ڈی پی کے پہلے مرحلے میں 13 شہروں میں ترقیاتی سکیموں کی ٹینڈرنگ ہوچکی ہے۔ اس ضمن میں شہروں کی اگلے 25 سال تک کی آبادی کی ضروریات کو مدِنظر رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مرحلہ وار پنجاب کے 200 شہروں کو میونسپل خدمات مہیا کی جائیں گی۔ صوبائی وزیر نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ٹائم لائن کا ہر صورت میں خیال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر کام کے دوران شفافیت، معیار اور رفتار پر کسی صورت میں سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ڈی پی اربن فلڈنگ کے بڑھتے مسئلے کا جامع حل فراہم کرے گا۔ سکیموں پر کام کے دوران متعلقہ میونسپل اداروں کے چیف افسروں کو بھی شریک رکھا جائے۔ ہر ترقیاتی سکیم میں پیشرفت کی تفصیل ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کا ماڈل پی ڈی پی میں سامنے رکھا جائے۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام میں پیش آنے والے چیلنجز سے سیکھ کر آگے بڑھیں گے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ سیوریج سکیموں میں لائننگ والے پائپ ہی استعمال کئے جائیں جو مضبوط اور دیرپا ہوتے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button