ڈپٹی کمشنر لاہور کا تحصیل کینٹ کا دورہ، منظور کالونی میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے منصوبوں کا جائزہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے لاہور کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور انہیں شہر کے دیگر علاقوں کے برابر لانے کے وژن کی تکمیل کے لیے، ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے آج تحصیل کینٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے منظور کالونی میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام (ایل ڈی پی) کے تحت مکمل ہونے والی اور جاری ترقیاتی اسکیموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور، اسسٹنٹ کمشنر کینٹ، اور واسا، ایل ڈبلیو ایم سی و نیسپاک کے نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبوں کی پیشرفت، معیار کی جانچ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے تعمیر شدہ گلیوں کے معیار کا جائزہ لیا اور افسران کو سخت ہدایت کی کہ مین ہول کے کورز کو گلی کی سطح کے عین مطابق ہموار کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں کوئی دشواری نہ ہو۔ انہوں نے تعمیراتی کاموں کے دوران شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام حفاظتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم بھی دیا۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے معیار، شفافیت اور مقررہ مدت میں تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر منصوبوں کی نگرانی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوام کا پیسہ ایمانداری سے عوامی فلاح پر خرچ ہو۔

جواب دیں

Back to top button