تعصب اور منافقت کی سیاست کراچی کی ترقی میں رکاوٹ ہے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ 30 ارب روپے اس سال شہر کی ترقی پر خرچ کئے جائیں گے، صباح اور اجمیر نگری پمپنگ اسٹیشنز کا ٹینڈرز مکمل ہوچکا، شہر میں 70 سے 80 لاکھ گیلن اضافی پانی لانے کے منصوبے پر کام جاری ہے، گلشن اقبال میں پانی کی کمی دور کرنے کے لیے کے ایل ایس آر پمپنگ اسٹیشن فعال کیا جا رہا ہے، خمیسو گوٹھ کی سڑک کا چند روز میں افتتاح کردیا جائے گا، ملیر اور گڈاپ کے پمپنگ اسٹیشنز کو سولر پر منتقل کیا جا چکا ہے جس سے 56 گوٹھوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے، شہر میں نئے قبرستان بنانے جا رہے ہیں، زمین ملتے ہی منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا اس سلسلے میں کابینہ سے منظوری کے لیے سمری بھیج دی گئی ہے، اگر کوئی قبرستان انتظامیہ زائد فیس لے تو کے ایم سی ہیلپ لائن پر شکایت کریں، مین ہول کورز کی چوری کے مسئلے پر پولیس کی مدد لی جائے گی، روزانہ سٹی وارڈنز شہر میں ڈھکن لگا رہے ہیں، 208 نئے ڈھکن جماعت اسلامی کی یوسی والے علاقے میں لگائے گئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ضلع غربی سرجانی ٹاؤن میں کریمی چورنگی منگھو پیر کی یوسی 38 اور 39 میں سیوریج نظام کی بحالی اور پیور بلاکس سمیت مختلف منصوبوں کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا

، اس موقع پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری رؤف ناگوری، سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، یوسی چیئرپرسن زبیدہ، وائس چیئرمین اور دیگر منتخب نمائندے بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کسی کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دوں گا، میرا شہر ہے، یہی رہوں گا، جو میئر نہیں بنا وہ لاہور چلا گیا، کام ان کی نیت میں ہے ہی نہیں،پریس کانفرنسیں کرنا آسان ہے، کام کرکے دکھانا مشکل ہے، انہوں نے کہا کہ اس سڑک کی حالت نہایت خراب تھی اور یہ تین یونین کمیٹیوں کو آپس میں ملاتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کے مطابق 10 کروڑ روپے کی لاگت سے کام کا سلسلہ شروع کیا جس کے تحت ایک لاکھ دس ہزار اسکوائر فٹ روڈ کو پیور کرکے تیار کیا گیا اور کام مکمل کرلیا گیا ہے، یونین کونسل 38 اور 39 میں نکاسی آب کے نظام کی مرمت اور پیوربلاکس کی تعمیر سے علاقے میں نکاسی آب کی صورتحال اور سڑکوں کی حالت بہتر ہوئی ہے، دو سو سے زائد مینز ہولز بھی بنائے گئے تاکہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جاسکے، اس منصوبے کے تحت علاقے کی بنیادی ڈھانچے میں بہتری آئی ہے جو کہ مقامی لوگوں کی زندگی میں ایک مثبت تبدیلی لائے گا، پیور بلاکس لگانے سے پہلے سیوریج کا نظام مکمل طور پر درست کیا گیا، دیرپا حل کے لیے ڈرینج لائن بھی بہتر کی گئی، کام مکمل کرکے عوام کے سامنے پیش کیا گیا، صرف اعلان نہیں کئے کام کرکے بھی دکھایا ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 2020ء میں یوسف گوٹھ بارشوں میں شدید متاثر ہوا تھا لیکن پاکستان پیپلز پارٹی نے وہاں مکمل بحالی کے کام کروائے، اسی وجہ سے گزشتہ بارشوں میں یوسف گوٹھ محفوظ رہا، علاقے کے عوام نے جیالی چیئرمین کو منتخب کیا اور پیپلز پارٹی نے ان کے اعتماد پر پورا اتر کر کام کئے، انہوں نے کہا کہ پہلے یوسی چیئرمینز کو 5 لاکھ روپے ملتے تھے، انہیں بڑھا کر 12 لاکھ اور پھر مزید 1 لاکھ بڑھا کر 13 لاکھ روپے کر دیئے گئے، اس کے باوجود بعض عناصر اس فنڈ کو ناکافی کہہ کر منافقت کررہے ہیں، اگر آپ اپنے ٹاؤنز اور یوسیز کو نہیں چلا سکتے تو ہم چلا کر دکھائیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ پہلے چائنا کٹنگ ہوتی تھی، اب یہ لوگ روڈ کٹنگ کررہے ہیں، سڑک ہم بناتے ہیں روڈ کٹنگ کی اجازت جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین دیتے ہیں، 14ارب روپے روڈ کٹنگ کی مد میں لیے گئے، اب یہ نہیں ہوگا کہ ہم سڑک بنائیں اور کوئی اسے کاٹ دے اور بعد میں الزام میئر کراچی کو دیا جائے، یہ کراچی سب کا ہے، کسی ایک جماعت کا نہیں، ہم تعصب، تفریق، منافقت اور تنقید کی سیاست کی مخالفت کرتے ہیں، انہوں نے تمام جماعتوں سے اپیل کی کہ بلیم گیم چھوڑیں، شہر کی تعمیر کے لیے سب مل کر کام کریں، کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے متحد ہو کر کام کریں، پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل کررہی ہے اور شہر کے ہر علاقے میں بلا تفریق ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button