صوبہ خیبر پختونخوا میں مقامی حکومتوں کے نمائندے کیطرف سے لوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کی کال پر یومِ سیاہ منایا گیا۔ اس موقع پر صوبے بھر کی تمام تحصیلوں میں احتجاجی مظاہرے اور اجلاس منعقد کیے گئے، جن کا مقصد مقامی حکومتوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کرنا تھا۔اسی سلسلے میں تحصیل پشتحرہ پشاور میں تحصیل چیئرمین ہارون صفت کی سربراہی میں تحصیل کونسل کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام ویلیج چیئرمین و ممبران صاحبان نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے متفقہ طور پر صوبائی حکومت کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا اور مقامی حکومتوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔شرکاء کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار سال کے عرصے میں مقامی حکومتوں کو نہ تو مناسب فنڈز فراہم کیے گئے اور نہ ہی آئینی و قانونی اختیارات دیے گئے، جس کے باعث عوامی سطح پر ترقیاتی کام شدید متاثر ہوئے اور مقامی نمائندے عوامی توقعات پوری کرنے سے قاصر رہے۔

اجلاس کے اختتام پر صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ مقامی حکومتوں کو فوری طور پر ان کے جائز فنڈز اور مکمل اختیارات فراہم کیے جائیں تاکہ نچلی سطح پر جمہوریت کو مضبوط بنایا جا سکے اور عوامی مسائل مؤثر طریقے سے حل ہو سکیں۔اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے ممبران تحصیل کونسل پشتخرہ ملک نسیم خان، الطاف الرحمن، حافظ فیض اللہ، وقار خان، کنوینر رداشاہ،عالمگیر افریدی و دیگر اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی حقوق کی خاطر مضبوط مستحکم بلدیاتی نظام کے لیے 5 جنوری احتجاجی دھرنا میں بھرپور شرکت کرینگے۔تحصیل پشتخرہ اجلاس میں کوارڈنیٹر لوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا انتظار خلیل نے شرکت کرتے ہوئے تحصیل پشتخرہ پشاور چئیرمین ہارون صفت و ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کامیاب احتجاج پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امید رکھتے ہیں کہ تحصیل پشتخرہ پشاور آیندہ احتجاجی دھرنا میں بھرپور شرکت کریگی۔انتظار خلیل نے صوبائی حکومت کی مقامی حکومتوں دشماندانہ پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ٹی آئی صوبائی حکومت وفاق سے اپنے لیے قانون و آئین کی بات کرتی ہے مگر خیبرپختونخوا کے 29 ہزار سے زیادہ بلدیاتی نمائندوں کو قانونی آئینی اختیارات و ترقیاتی فنڈ سے محروم رکھ کر آئین و قانون کی دھجیاں آڑا رہی ہے۔ انتظار خلیل نے خیبرپختونخوا کے ویلج نیبر ہوڈ کونسلز دفاتر کی بندش پر پورے خیبرپختونخوا اور پشاور کے تمام چئیرمینوں کا شکریہ ادا کیا۔ لوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے لیے ممبر ایسوسی ایشن ہارون صفت کی خدمات قابل تحسین ہے۔






