وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی مریم نواز کے مثالی گاؤں پوگرام کے تحت پنجاب کی دس ڈویژن کے 469 دیہات کا انتخاب کیا گیا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق دیہات میں جدید سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ وہ مثالی گاؤں پروگرام کے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی نے بھی اجلاس میں شرکت کی جبکہ پنجاب رُورل میونسپل سروسز کمپنی (پی آر ایم ایس سی) کی جانب سے اب تک ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پروگرام کے تحت سرگودھا ڈویژن کے 38، ساہیوال 44 اور گوجرانولہ کے 55 گاؤں مثالی بنیں گے۔ اسی طرح گجرات کے 47، ملتان 62 اور ڈی جی خان کے 39 دیہات پہلے مرحلے میں شامل کئے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت نے شیخوپورہ کے 47 اور راولپنڈی ڈویژن کے 56 دیہات کا انتخاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور ڈویژن کے 47 جبکہ فیصل آباد کے 34 دیہات میں جدید سہولیات مہیا کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ

پی آر ایم ایس سی نے 336 دیہات کے لئے ٹینڈرز جاری کر دیے ہیں۔ پروگرام کے تحت 114 دیہات کے لئے ورک بھی ایوارڈ کیا جا چکا ہے۔ متعلقہ علاقوں میں انجنئیرز اور سب انجنئیرز کا تقرر کر دیا گیا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ دیہات میں واٹر سپلائی، سیوریج سسٹم بچھانے اور گلیاں پختہ کرنے کی سکیمیں شروع ہونگی۔ اس پروگرام کی ایک خاص بات یہ ہے کہ ہر مثالی گاؤں میں روایتی چھپڑ کو بحال کیا جائے گا جس کے ماحول پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ ہر گائوں میں پارک بھی بنایا جائے گا۔ گلیوں میں خوشنما رنگوں والی ٹائلز کا استعمال ہوگا۔صوبائی وزیر نے پی آر ایم ایس سی کو اچھے ڈیزائن والی ٹائلز لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا کہ دیہات کی گلیوں کو لاہور کی طرز پر پختہ بنایا جائے گا۔ اگلے ہفتے سے مثالی گاؤں فیز ٹو پر کام شروع ہو جائے گا۔ انشااللہ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد کسی بھی مثالی گائوں میں کوئی گلی کچی نہیں رہے گی۔






