میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بی وائی ڈی کراچی میراتھون 2026 ”رن فار کراچی“ نہ صرف ایک اسپورٹس ایونٹ ہے بلکہ دنیا بھر کے سامنے کراچی کا مثبت، روشن اور پُرامن چہرہ اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ بھی ہے،5 کلو میٹر میراتھون صبح دس بجے شروع ہوگی تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس میں شرکت کر سکیں اور اس ایونٹ کا حصہ بن سکیں،اس میرا تھون میں بین الاقوامی سطح کے اسپورٹس کھلاڑی بھی شرکت کے لیے کراچی آ رہے ہیں، اس لیے شہریوں کو چاہیے کہ وہ بھرپور انداز میں اس ایونٹ میں شریک ہوں تاکہ ہم دنیا کو یہ پیغام دے سکیں کہ کراچی ایک زندہ دل، محفوظ اور اسپورٹس دوست شہر ہے،بدقسمتی سے کراچی کا چہرہ اکثر دنیا کے سامنے مسخ کرکے پیش کیا جاتا ہے تاہم ایسے ایونٹس کے ذریعے اس تاثر کی نفی کی جا سکتی ہے،یہ بات انہوں نے اے کے خان پارک، سی ویو میں BYD کراچی میرا تھون کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ، ایتھلیٹس، منتظمین اور دیگر بھی موجود تھے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ”رن فار کراچی“ ایک بہترین اور بامقصد سلوگن ہے جو شہر سے محبت اور وابستگی کی عکاسی کرتا ہے، اس نوعیت کے ایونٹس شہر کو مثبت انداز میں اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،انہوں نے گزشتہ چند ماہ کے دوران کراچی میں کامیابی سے منعقد ہونے والے بڑے ایونٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل گیمز کے انعقاد کے دوران 11 ہزار ایتھلیٹس کراچی آئے، انہوں نے شرکت کی اور شہر سے لطف اندوز ہوئے، اس کے بعد ورلڈ فیسٹیول، ادب فیسٹیول، اردو کانفرنس اور دیگر تقریبات بھی کراچی میں خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد ہوئیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ کراچی بڑے ایونٹس کی میزبانی کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے،انہوں نے کہا کہ 31 دسمبر 2025 کو کراچی کے شہریوں نے نئے سال کا بھرپور انداز میں خیرمقدم کیا، لاکھوں لوگ سڑکوں پر نکلے، خوشیاں منائیں اور شہر بھر میں پرامن ماحول دیکھنے میں آیا، ماضی میں ایسے مواقع پر سڑکیں بند کر دی جاتی تھیں، کنٹینرز لگا دیئے جاتے تھے اور شہری تفریح سے محروم رہتے تھے لیکن اب شہر کھلا رہا، ٹریفک کے مسائل نظر نہیں آئے اور کہیں بدانتظامی دیکھنے میں نہیں آئی،میئر کراچی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کو تفریح، صحت مند سرگرمیوں اور مثبت مواقع فراہم کرتی رہے گی اور BYD کراچی میراتھون 2026 اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جو کراچی کو عالمی سطح پر ایک مثبت شناخت دلانے میں معاون ثابت ہوگی،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں بڑے اسپورٹس اور تفریحی ایونٹس کا انعقاد شہر کے مثبت تشخص کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی اس وژن کے تحت ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی، میئر کراچی نے کہا کہ نئے سال کے آغاز پر 4 جنوری کو ایک انٹرنیشنل ایونٹ کراچی میں منعقد ہونے جا رہا ہے جس کے لیے بطور میئر وہ تمام منتظمین کو مبارکباد دیتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے مکمل سپورٹ فراہم کرے گی،انہوں نے کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ رواں سال کا یہ ایونٹ اس قدر کامیاب ہو کہ آئندہ برس اولڈ سٹی ایریا سمیت پورے کراچی میں اسی طرز کی مثالی مینجمنٹ کے ساتھ میراتھون منعقد کی جائے، انہوں نے اپنے وژن کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگلے سال کی میراتھون مزارِ قائد سے شروع ہو، ایمپریس مارکیٹ، زیب النساء اسٹریٹ، ٹاور ایریا سے گزرتی ہوئی شارع فیصل یا کلفٹن کے راستے سی ویو تک پہنچے، ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ آئندہ میراتھون پورے شہر میں ہو اور اس کا آغاز مزارِ قائد سے کیا جائے،میئر کراچی نے کہا کہ اس مقصد کے لیے حکومت سندھ،کے ایم سی اور محکمہ ٹریفک مل کر لیڈ لیں گے اور باہمی تعاون سے آئندہ بھی ایسے ایونٹس منعقد کیے جائیں گے، انہوں نے اعلان کیا کہ 23 مارچ کو کراچی میں سائیکلنگ ایونٹ منعقد کیا جائے گا تاکہ سائیکلنگ سے وابستہ افراد کو بھی یہ موقع ملے کہ وہ کراچی کی سڑکوں پر مختلف علاقوں سے گزرتے ہوئے ریس میں حصہ لے سکیں،انہوں نے کہا کہ یہی ان کا وژن ہے اور یہی وہ کراچی ہے جس میں وہ یقین رکھتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا مثبت چہرہ اور مثبت سرگرمیاں جاری رہیں گی اور حکومت، انتظامیہ اور منتظمین مل کر بڑے پیمانے پر ایسی سرگرمیوں کو فروغ دیں گے۔
Read Next
11 گھنٹے ago
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عزیز آباد میں لال قلعہ پارک سمیت پانچ پارکس کا افتتاح کردیا۔
1 دن ago
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور چینی کمپنی کے درمیان تکنیکی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط
2 دن ago
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی پانی کی فراہمی اور بلدیاتی اصلاحات پر جامع پریس کانفرنس
6 دن ago
بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر بھر میں 418 سڑکوں کو 14 ارب روپے کی لاگت سے دوبارہ تعمیر کریگی
1 ہفتہ ago






