صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی مشترکہ صدارت میں کراچی میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہر کی بنیادی سہولیات کو بہتر بنانے اور ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں میئر کراچی، کمشنر کراچی، محکمہ بلدیات کے سینئر افسران، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کراچی میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جن میں اندرونی سڑکوں کی تعمیر و بحالی، رابطہ سڑکیں، اہم شاہراہیں، صنعتی علاقوں کی ترقی اور انڈر پاسز کی تعمیر شامل ہے۔ ایف ڈبلیو او اور محکمہ بلدیات کے نمائندگان نے منصوبہ بندی، عملدرآمد اور ٹائم لائن سے متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہیں اور کراچی کی بہتری کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی کے لیے بھرپور توانائی، توجہ اور مربوط حکمتِ عملی کے ساتھ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ منصوبے بروقت مکمل ہوں اور عوام کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ترقیاتی کاموں کی نگرانی اور بہتری کے لیے ایک کمیٹی باقاعدہ طور پر نوٹیفائی کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ایک بڑا میٹروپولیٹن شہر ہے جسے خصوصی توجہ، مسلسل منصوبہ بندی اور مؤثر عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت کراچی کے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اجلاس کے اختتام پر اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ مختلف محکموں کے درمیان رابطہ مزید مضبوط بنایا جائے اور ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ کراچی کے شہریوں کے معیارِ زندگی میں بہتری لائی جا سکے۔






