صوبائی وزیر برائے بلدیادت خیبرپختونخوا ارشد ایوب خان نے کہا ہے کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز پر بھاری جرمانے لگائے جائیں گے اور انہیں نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔ اس کے باوجود اگر انہوں نے ان کو رجسٹر نہیں کروایا تو ان سوسائٹیز کو سیل کر دیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے بلدیات ارشد ایوب خان نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں سیکرٹری بلدیات داؤد خان بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیزکیلئے جامع پالیسی مرتب کی جائے، این او سی و دیگر قانونی تقاضے پورے کئے جائیں، نہیں تو انکو سیل کردیا جائے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اگلے اجلاس میں خیبرپختونخوا کی تمام غیر قانونی سوسائٹیز کا مکمل ریکارڈ پیش کیا جائے۔ لسٹیں بنائی جائیں کہ کون سی غیر قانونی سوسائٹی کتنے عرصے سے کام کر رہی ہے۔ غیر قانونی سوسائٹی سے نہ صرف حکومت کے خزانے کو بلکہ عوام کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ایسی سوسائٹیز میں گیس اور بجلی کے این او سی نہ ہونے کی وجہ سے بھی عوام کو مشکلات درپیش ہوتی ہیں۔






