اسلام آباد انٹرسٹی بس ٹرمینل کی ابتدائی فزیبلٹی رپورٹ مکمل

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی اسلام آباد انٹر سٹی بس ٹرمینل منصوبے کے حوالے سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک (ADB) کے وفد سے منگل کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر فنانس طاہر نعیم، ڈی جی ریسورس سمیت دیگر سنئیر افسران نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں اسلام آباد انٹر سٹی بس ٹرمینل کے قیام سمیت مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا

۔ایشین ڈویلپمنٹ بینک (ADB) کے کنسلٹنٹس نے اسلام آباد انٹر سٹی بس ٹرمینل کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد انٹرسٹی بس ٹرمینل کی ابتدائی فزیبلٹی رپورٹ مکمل کرلی گئی ہے۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد انٹر سٹی بس ٹرمینل کے قیام کے حوالے سے اے ڈی بی بہترین فنانشل ماڈل تیار کررہا ہے اور اس منصوبے کو اسلام آباد کے میٹرو بس اور الیکٹرک فیڈر بس سروس کیساتھ منسلک کیا جائیگا۔بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ انٹر سٹی بس ٹرمینل منصوبے میں الیکٹرک بسوں کیلئے جدید الیکٹرک چارجنگ پوائنٹس بھی ہونگے۔ بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ اسلام آباد ٹرانسپورٹ ماسٹر پلان کی تیاری کے حوالے سے اے ڈی بی اپنی تیکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اے ڈی بی ماحول دوست منصوبوں کیلئے کاربن کریڈٹ حاصل کرنے کیلئے بھی اپنی تیکنیکی مدد فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو ماحول دوست اور بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی شاہراہوں پر ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔ ملاقات میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک (ADB) کی تکینیکی صلاحیتوں، تجربات اور استعداد کار سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

جواب دیں

Back to top button