وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد نے ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کے ہمراہ اچھرہ بازار کا دورہ کیا اورجاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد نے بتایاکہ وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر پرانے اچھرہ بازار کو خواتین اور فیملیز کے لیے محفوظ اور خوبصورت بنا رہے ہیں۔اچھرہ بازار کی تزئین و آرائش سے لاہور کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔اچھرہ بازار کو ہر لحاظ سے ماڈل بنایا جائے گا۔
وائس چیئرمین ایل ڈی اے نے کہاکہ اچھرہ بازار میں ترقیاتی کاموں سے تاجروں کا کاروبار بڑھے گا۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے اچھرہ بازار کی بیوٹیفکیشن و دیگر کاموں بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ اچھرہ بازار میں خواتین و فیملیز کی سہولت کے لیے الگ نئے واش روم بھی بنائے جا رہے ہیں۔بازار میں لٹکتے تاروں کا خاتمہ، یونیفارم پیٹرن پر ڈویلپمنٹ کی جا رہی ہے۔اس موقع پر ایل ڈی اے کے متعلقہ افسران موقع پر موجود تھے۔






