وزیراعلی خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی جانب سے آئینی طور پر واجب الادا مالی رقوم کی مسلسل عدم ادائیگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس حوالے سے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کو باضابطہ خط ارسال کر دیا ہے۔

خط میں وزیراعلی نے واضح کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے این ایف سی ایوارڈ کے تحت ماہانہ رقوم، نیٹ ہائیڈل منافع، تیل و گیس رائلٹیز اور ضم شدہ اضلاع کے لیے مختص فنڈز کی بروقت اور مکمل ادائیگی نہ ہونے کے باعث خیبر پختونخوا شدید مالی اور انتظامی بحران کا شکار ہو چکا ہے۔مالی سال 2025-26 کا صوبائی بجٹ مکمل طور پر آئینی ضمانت یافتہ مالی حقوق کی بنیاد پر تشکیل دیا گیا تھا، تاہم ان آئینی ذمہ داریوں کے برعکس وفاقی سطح پر رقوم کی ادائیگی مسلسل مقررہ سطح سے کم رہی۔ این ایف سی کے تحت خیبر پختونخوا کا حق 658.4 ارب روپے بنتا ہے جبکہ اب تک صرف 604 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں 54.4 ارب روپے کی سنگین کمی پیدا ہو چکی ہے۔اس مالی خلا کے باعث صوبے کی کیش مینجمنٹ متاثر ہوئی، بجٹ پر عمل درآمد میں رکاوٹیں پیدا ہوئیں اور صحت، تعلیم سمیت دیگر اہم عوامی شعبوں میں سروس ڈیلیوری بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔وزیراعلیٰ نے خاص طور پر ضم شدہ اضلاع کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان اضلاع کے لیے صوبائی بجٹ میں 292 ارب روپے مختص کیے گئے، تاہم وفاق کی جانب سے اب تک صرف 56 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں، جس سے ترقیاتی عمل، بنیادی سہولیات اور ریاستی استحکام کے اہداف کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا اس وقت دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن صوبہ ہے اور بیک وقت سیلابی آفات، بحالی کے اقدامات اور عارضی طور پر بے گھر افراد کی دیکھ بھال جیسے بھاری قومی اخراجات بھی برداشت کر رہا ہے، مگر ان قومی ذمہ داریوں کا مالی بوجھ غیر منصفانہ طور پر صوبے پر ڈالا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام بقایاجات فوری، مکمل اور غیر مشروط طور پر جاری کیے جائیں بالخصوص این ایف سی کی ماہانہ اقساط، نیٹ ہائیڈل منافع، تیل و گیس رائلٹیز اور ضم شدہ اضلاع کے فنڈز آئینی تقاضوں کے مطابق فراہم کیے جائیں۔ خط میں خبردار کیا گیا ہے کہ مزید تاخیر سے صوبے کا مالی دباؤ بڑھے گا اور گورننس کی صلاحیت کمزور ہو گی۔معاملے کی سنگینی کے پیشِ نظر وزیراعلی خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے وزیرِاعظم میاں محمد شہباز شریف سے فوری اور ذاتی توجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔






