محکمہ بلدیات و دیہی ترقی خیبر پختونخوا نے تحصیل حسن خیل میں مقامی حکومتوں کو عوام کے مزید قریب لانے اور شفافیت کے فروغ کے لیے ایک اہم اور بروقت اقدام اٹھایا ہے۔ اس ضمن میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات تحصیل حسن خیل ملک ارشد خان کی جانب سے تمام ویلج کونسلوں کے سیکرٹریز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ویلج کونسلوں کے سرکاری فیس بک پیجز قائم کریں اور انہیں صرف سرکاری مقاصد کے لیے استعمال میں لائیں۔جاری کردہ آفس آرڈر کے مطابق تمام ویلج کونسلوں کے سرکاری فیس بک پیجز کو تحصیل اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات کے آفیشل فیس بک پیج سے منسلک کرنا لازم ہوگا، جہاں سے عوام کو سہولیات، معلومات اور حکومتی اقدامات سے بروقت آگاہی فراہم کی جائے گی۔ ان پیجز پر روزانہ کی بنیاد پر پاک صاف و شفاف پختونخوا سرگرمیاں، ہفتہ وار صفائی شیڈول، پیدائش، وفات، شادی و طلاق، ثالثی کونسل، CRVS قواعد 2021، اور دیگر عوامی مفاد سے متعلق اطلاعات شیئر کی جائیں گی۔

مزید برآں، عوامی نمائندوں اور فیلڈ افسران کی روزمرہ سرکاری سرگرمیوں اور عوامی دوروں کی تصاویر بھی اِن سرکاری پیجز پر اپلوڈ کی جائیں گی تاکہ عوام براہِ راست اپنے منتخب نمائندوں اور اداروں کی کارکردگی کا مشاہدہ کر سکیں۔ ہر فیس بک پیج پر دفتر کا مکمل پتہ، گوگل میپ لنک، اور چیئرمین، سیکرٹری و نائب قاصد کے نام اور رابطہ نمبرز نمایاں طور پر درج کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔آفس آرڈر میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری فیس بک پیجز کو کسی بھی صورت ذاتی یا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا، اور کسی بھی قسم کے غلط استعمال کی صورت میں متعلقہ قواعد کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے ایک فوکل پرسن بھی مقرر کیا گیا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹنگ کا ذمہ دار ہوگا۔ماہرین کے مطابق یہ اقدام نہ صرف بلدیاتی نظام میں شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دے گا بلکہ عوام اور مقامی حکومتوں کے درمیان اعتماد کے فقدان کو کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال سے عوامی شکایات، معلومات کی فراہمی اور سرکاری خدمات تک رسائی میں واضح بہتری متوقع ہے۔یہ اقدام اس امر کا عملی ثبوت ہے کہ اگر مقامی سطح پر ادارہ جاتی اصلاحات اور جدید ذرائع بروئے کار لائے جائیں تو بلدیاتی نظام واقعی عوامی خدمت کا ایک مضبوط اور قابلِ اعتماد ذریعہ بن سکتا ہے






