ڈی سی لاہور محمد علی اعجاز کاضلع بھر کےصنعتی یونٹس کی انسپکشن کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ لاہور نے شہر کے صنعتی یونٹس میں ورکرز کے تحفظ اور حادثات کی روک تھام کے لیے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن اور انسپکشن کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں تحصیل ماڈل ٹاؤن اور رائیونڈ کے اسسٹنٹ کمشنرز نے سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، محکمہ انڈسٹریز اور بوائلر انسپکٹرز پر مشتمل مشترکہ ٹیموں کے ہمراہ مختلف فیکٹریوں کا دورہ کیا۔ ٹیموں نے روشن پیکیجز اور ٹریٹ فیکٹری میں بوائلرز کی حالت، فائر فائٹنگ سسٹم، ہائیڈرنٹس اور دیگر حفاظتی آلات کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران دونوں فیکٹریوں میں بوائلرز آپریشنل اور حالت تسلی بخش پائی گئی، جبکہ فائر سسٹم اور حفاظتی آلات بھی فعال قرار دیے گئے۔ ڈی سی لاہور محمد علی اعجاز نے ضلع بھر کے تمام صنعتی یونٹس کی انسپکشن کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام فیکٹری مالکان بوائلرز کے فٹنس سرٹیفکیٹس کی بروقت تجدید اور فائر ایگزٹ پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ ورکرز کی سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صنعتی ایمرجنسی سسٹم کی جانچ کا عمل بلا تعطل جاری رہے گا۔ ڈی سی لاہور نے افسران کو متحرک رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور صنعتی حادثات کی روک تھام کے لیے تمام پیشگی اقدامات کر رہی ہے اور سیفٹی پروٹوکولز پر مکمل عمل کرنے والے یونٹس کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button