مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نےجوہر ٹاؤن میں زیر زمین واٹر ٹینک منصوبے کا افتتاح کر دیا

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے حسین پارک ٹکہ چوک، جوہر ٹاؤن میں زیر زمین واٹر ٹینک منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد، ملک سیف الملوک کھوکھر، صوبائی وزیر فیصل کھوکھر، ممبر صوبائی اسمبلی شہباز کھوکھر اور ایم ڈی واسا غفران احمد بھی موجود تھے۔

ایم ڈی واسا غفران احمد نے صوبائی وزیر ہاؤسنگ کو منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ بریفنگ کے مطابق یہ منصوبہ 56 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا اور اس کی تکمیل 3 ماہ میں ممکن ہوگی۔ اس منصوبے کے تحت 15 لاکھ گیلن بارشی پانی کو محفوظ کرنے کی صلاحیت ہوگی۔

منصوبے کی تکمیل سے قبل بارش کے دوران جی بلاک مارکیٹ سے ٹکہ چوک تک ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی تھی، تاہم اس منصوبے کے بعد نہ صرف ٹریفک کا نظام بہتر ہوگا بلکہ بارشی پانی بروقت زیر زمین ٹینک میں جمع ہو جائے گا۔اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور تعمیراتی کام میں اعلیٰ معیار اور جدید ٹیکنالوجی کو یقینی بنایا جائے تاکہ یہ منصوبہ طویل المدتی فوائد فراہم کر سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ منصوبے کے دوران مقامی آبادی کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو، اس کے لیے متبادل انتظامات کیے جائیں۔

علاقے کے رہائشیوں نے اس منصوبے پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، اس کے علاوہ پانی کی ریچارجنگ میں مدد فراہم کرے گا۔

جواب دیں

Back to top button