سات یوم میں اسلام آباد کو محفوظ ترین شہر بنانے کے حوالے سے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جائیگا،چیف کمشنر و آئی جی اسلام آباد

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال اور سیکورٹی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے سے متعلق ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا مشترکہ اہم اجلاس منعقد ہوا۔ چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا اور انسپکٹر جنرل اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کے سنئیر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد شہر میں ڈویژنل سطح پر سیکورٹی کے انتظامات کو یقینی بنا کر پورے شہر کو محفوظ بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر سات یوم میں دارالحکومت اسلام آباد کو محفوظ ترین شہر بنانے کے حوالے سے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جائیگا۔آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مضبوط کیا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آمد و رفت اور نقل و حرکت کو مانیٹر کرنے کیلئے جدید میکنزم تیار کیا جائے۔اجلاس میں شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور جرائم کے روک تھام کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور عزت کا تحفظ ہماری اولین ترجیح اور اسکو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد پولیس دن رات مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو، ریڈ زون سمیت شہر بھر کی سیکیورٹی میں اضافہ کیا جائیگا۔آئی جی اسلام آباد پولیس نے کہا کہ اسلام آباد سیف سٹی کو عصر حاضر کے تقاضوں اور جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہر کی مرکزی شاہراہوں، مراکز اور سیکٹرز کی نگرانی کا میکنزم بنایا گیا ہے۔ آئی جی اسلام آباد پولیس نے کہا کہ دہشتگردی کی روک تھام اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بروقت کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو کرائم فری سٹی بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بھی استعمال میں لایا جارہا ہے۔چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر کرنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کوئی سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد پر کڑی نظر اور انکی مکمل تفصیلات کا ڈیٹا مرتب کیا جائیگا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈور ٹو ڈور سروے شہری علاقوں میں مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ دیہی علاقوں کا ڈور ٹو ڈور سروے جلد ہی مکمل کرلیا جائیگا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں کی خصوصی نگرانی کیساتھ شہر بھر میں پیٹرولنگ میں بھی اضافہ کیا جائے۔ اسی طرح شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ممکن بنایا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکورٹی کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کیساتھ مربوط و مؤثر کوآرڈینیشن کو بڑھایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہر قیمت پر شہریوں کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل اور ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائیگا۔

جواب دیں

Back to top button