31جولائی2024: واپڈا نے سندھ طاس نظام آبپاشی کے 27کلیدی مقامات پر پانی کے اخراج کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے لیے ٹیلی میٹری سسٹم کی تنصیب کے لیے کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا۔ کنٹریکٹ کی مالیت21ارب53کروڑ40لاکھ روپے ہے۔ اوریہ سی ڈیجیٹل اورایچ بی سی سی(CDigital-HBCC) دو کمپنیوں پر مشتمل جوائنٹ ونچر کو ایوارڈ کیا گیا ہے، جبکہ سیمینز(Siemens)جوائنٹ ونچر میں سب کنٹریکٹر کے طور پر شامل ہے۔کنٹریکٹ کے مطابق ٹیلی میٹری سسٹم اپنی تنصیب کے بعد دسمبر2026میں فعال ہو جائے گا۔
واپڈا کی جانب سے انڈس ٹیلی میٹری سسٹم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر چیف انجینئر وسیم علی جبکہ جوائنٹ ونچر کی جانب سے سی ڈیجیٹل کے چیف ایگزیکٹو محمداحسن بشیرنے کنٹریکٹ پر دستخط کئے۔ اس ضمن میں منعقد ہونے والی تقریب میں ممبرارسا(پنجاب)، ممبر فنانس (واپڈا)، ممبر واٹر(واپڈا)، ممبر پاور(واپڈا)، جنرل مینجر(ہائیڈرو ریسورس مینجمنٹ)کے علاوہ 45 انجینئرنگ ڈویژن،کنسلٹنٹس اورکنٹریکٹرز کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ وزارت آبی وسائل نے واپڈا کو سندھ طاس کے نظام آبپاشی پر ٹیلی میٹری سسٹم نصب کرنے کی اہم ذمہ دار سپرد کی ہے، تاکہ وفاق کی اکائیوں کے درمیان پانی کی تقسیم سے متعلق معاملات کو حل کیا جا سکے۔ انڈس ٹیلی میٹری پراجیکٹ کا منظور شدہ پی سی ون23ارب83کروڑ40 لاکھ روپے پر مشتمل ہے۔