سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آسیہ گُل سے ورلڈ بینک کے مشن نے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اور پنجاب کے مختلف شہروں میں واٹر سپلائی اور سیوریج کے مجوزہ منصوبے پنجاب انکلوسیو سیٹیز پروگرام بارے بریفنگ دی۔ ملاقات میں ورلڈ بینک سے ٹیم لیڈر شہناز ارشد ، سینیئر اربن سپیشلسٹ صہیب رشید، ایم ڈی پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی سید زاہد عزیز، اور ڈپٹی سیکرٹری ایل جی ایف امجد علی موجود تھے۔ورلڈ بینک کے مشن نے مجوزہ منصوبے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سےمختلف شہروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس کے تحت 60لاکھ لوگوں کو واٹر سپلائی اور سینی ٹیشن کی سہولیات میسر ہوں گی ۔اس سلسلے میں پنجاب انکلوسیو سیٹیز پروگرام کا آغاز جون 2025 میں ہو گا جبکہ یہ منصوبہ 5سالوں میں مکمل کیا جائے گا۔پنجاب انکلوسیو سیٹیز پروگرام کے لیے کل 400ملین امریکی ڈالر کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔صاف پانی کی فراہمی، سیوریج سسٹم اور پائلٹ لینڈ فل سائٹ کی تیاری منصوبے میں شامل کیے گئے ہیں
اجلاس کے آخر میں سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آسیہ گُل نے کہا کہ صاف پانی، سینی ٹیشن اور غذائیت کی کمی جیسے مسائل کے حل میں ورلڈ بینک کا تعاون قابل ستائش ہے۔اس منصوبے کے آغاز سے زیادہ آبادی کو فائدہ پہنچے گا اور گندے پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی شرح میں کمی واقع ہوگی۔سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل نے کہا کہ مجوزہ منصوبہ وزیر اعلٰی پنجاب کی منظوری کے بعد ایس سی سی ایف ڈی میں پیش کیا جائے گا۔ اس کے علاؤہ حکومت پنجاب محکمہ بلدیات کے زیر انتظام صفائی کا جامع نظام متعارف کروا رہی ہے جس سے شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کی معیاری اور یکساں سہولیات ملیں گی انہوں نے کہا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے یکساں اور جامع نظام میں ورلڈ بینک کی تجاویز کو بھی شامل کریں گے