کمشنر لاہور زیدبن مقصود نے کہا ہے کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے تعین کے میکنزم کا جائزہ لے کر گراں فروشی کا سدباب اہم ترجیح ہے تا کہ صارف کو روزمرہ استعمال کی اشیاء مقررہ نرخوں پر دستیاب ہوں -اس حوالے سے کمشنر لاہور کے سبزی فروشوں، ریٹ لسٹ، کنٹریکٹر، ضلعی انتظامیہ، محکمہ زراعت اور متعلقہ افسران کے ساتھ علیحدہ علیحدہ اجلاس منعقد ہوئے – ان اجلاس میں سپیشل سیکرٹری زراعت، ڈپٹی کمشنر لاہور، اسسٹنٹ کمشنرز، پنجاب ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ٹھیکے داران اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران نے شرکت کی – اس موقع پر لاہور کی پانچ منڈیوں میں مختلف اجناس کی نیلامی کے اوقات اور ریٹ لسٹ کی تیاری و فراہمی کے امور کا جائزہ لیا گیا- کمشنر لاہور نے سبزیوں کی نیلامی، ہول سیل و ریٹیل پرائس، منڈی سے دکان تک ٹرانسپورٹیشن کے عمل اور اخراجات کا جائزہ بھی لیا –
شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر لاہور نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی، قیمت ایپ اور پرائس کنٹرول سرگرمیوں میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے جس کا فائدہ عام آدمی کو ہو گا- انہوں نے بتایا کہ صارفین کو روزانہ استعمال کی اشیاء کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کے لئے ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے مکمل طور پر آن بورڈ ہیں – اس حوالے سے ریٹ لسٹ کنٹریکٹرز کے فیڈ بیک کے علاوہ تحصیل کی سطح پر دوکان داروں سے بھی رابطہ کیا گیا ہے تا کہ تمام متعلقین کا فیڈ بیک مل سکے –