صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ کے ہمراہ مصطفیٰ سی این جی سے پیر پھلیارو علاقے تک زیرِ تعمیر نئی سڑک کا افتتاح کیا۔
صوبائی وزیر نے کچے کے علاقے میں زیرِ تعمیر سومرا پہنواری پل کے جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا اور اسے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر کہا کہ ہم اپنے حلقے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے، اور ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کے کام جلد مکمل ہوں گے اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جا چکا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کچے کے علاقے کو جرائم سے پاک کرکے وہاں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ قبائلی جھگڑوں کے خاتمے کے لیے سرداروں کو بھی پابند کیا گیا ہے۔مختلف مقامات پر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کا عوام کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔






