وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی (ایس ایس پی اے) کے تیسرے بورڈ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایسے اہم اقدامات کی منظوری دی جن کا مقصد صوبے کے سماجی تحفظ کے نظام کو وسعت دینا، ماں اور بچے کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانا اور دیہی خواتین کو آمدنی میں معاونت فراہم کرنا ہے۔اجلاس میں صوبائی وزراء ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، سعید غنی (بورڈ کے وائس چیئرمین)، سید سردار شاہ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پی ایس سی ایم آغا واصف، بورڈ اراکین ہارس گزدار، سونو خان، شیریں ناریجو، امر حبیب خان، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ (پی اینڈ ڈی) نجم شاہ، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکریٹری سوشل پروٹیکشن خادم چنہ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایس ایس پی اے ارشاد سوڈھڑ سمیت دیگر شریک ہوئے۔اجلاس میں 8 لاکھ 85 ہزار بچوں کے لیے نیا ابتدائی بچپن کی نشوونما پروگرام (ای سی ڈی)، زرعی شعبے سے وابستہ خواتین کے لیے موسمی نقد امداد اور سندھ میں سوشل پروٹیکشن ڈیلیوری سسٹم کو مضبوط بنانے (ایس ایس پی ڈی ایس ایس) کے تحت ممتا پروگرام میں نمایاں بہتری کی منظوری دی گئی۔بورڈ نے ممتا منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا جو اس وقت 22 اضلاع میں جاری ہے جس کا بجٹ 56 ارب روپے ہے اور اس سے 10 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ مستفید ہو رہے ہیں۔ غریب گھرانوں پر مالی دباؤ کم کرنے اور ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے لیے بورڈ نے ہائبرڈ پریڈکٹیبل پیمنٹ ماڈل (پی پی ایم) کی منظوری دی جس کے تحت ماؤں کو طے شدہ شیڈول کے مطابق نقد ادائیگیاں کی جائیں گی، چاہے صحت کا دورہ معمولی تاخیر کا شکار ہو جائے۔غریب دوست اقدام کے طور پر بورڈ نے ماں کے حمل یا اس کے کم عمر ترین بچے کے لیے مکمل نقد ادائیگی اور دو سال سے کم عمر بڑے بچے کے لیے مشروط نقد منتقلی کی رقم کا 75 فیصد دینے کی منظوری دی تاکہ کوئی بھی کمزور بچہ معاونت سے محروم نہ رہے۔وزیراعلیٰ نے دو نئے اقدامات کی بھی منظوری دی جن کا مقصد غربت کے چکر کو توڑنا اور طویل مدتی انسانی ترقی کو مضبوط بنانا ہے۔ 14 ارب روپے کے ای سی ڈی منصوبے کو کے ایف ڈبلیو کے تعاون سے نافذ کیا جائے گا، جس کے تحت صفر سے پانچ سال کے بچوں کے نگہداشت کرنے والوں کو نشوونما کی نگرانی، غذائی مشاورت اور اسکول کی تیاری کے لیے ہر سہ ماہی 3 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔بورڈ نے خواتین زرعی کارکن پروگرام کی منظوری بھی دی، جس کے تحت دیہی خواتین کو سال میں دو سے چار ماہ کے دوران کم آمدنی کے عرصے میں ماہانہ نقد امداد فراہم کی جائے گی تاکہ وہ موسمی آمدنی میں کمی سے نمٹ سکیں، قرضوں میں کمی لا سکیں اور خوراک کی دستیابی بہتر بنا سکیں۔ممتا پروگرام کے دائرہ کار کو بڑھانے کے لیے بورڈ نے گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون سے کراچی اور حیدرآباد کے پسماندہ شہری یونین کونسلز اور ہائی رسک علاقوں میں توسیع کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی کی منظوری دی۔ بورڈ نے سات نئے اضلاع میں محکمہ صحت کے زیر انتظام صحت مراکز کو شامل کرنے کی توثیق بھی کی، جہاں ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو اسپتال ممتا ڈیسک کے طور پر کام کریں گے۔بہتر طرز حکمرانی اور نگرانی کے لیے بورڈ نے آڈٹ، ہیومن ریسورسز، قانونی امور اور تحقیق کے لیے خصوصی کمیٹیوں کے قیام کی منظوری دی جبکہ مالی سال 2026-27 کے لیے 2.29 ارب روپے کے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت سندھ کے غریب ترین خاندانوں کے لیے ایک قابل اعتماد اور مستحکم معاونتی نظام قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایک ایسا قابل بھروسہ اور پیشگوئی کے قابل سوشل سیفٹی نیٹ تشکیل دیا جائے جو سندھ کی کمزور ترین خواتین اور بچوں کو بااختیار بنائے۔ صحت، غذائیت اور مالی استحکام کو یکجا کر کے ہم اپنے صوبے کے مستقبل میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔”وزیراعلیٰ نے کہا کہ سماجی تحفظ صرف فلاحی ذمہ داری نہیں بلکہ انسانی سرمائے میں طویل مدتی سرمایہ کاری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماؤں کا تحفظ، کم عمر بچوں کی معاونت اور مشکل موسموں میں دیہی خواتین کی مدد دراصل خاندانوں کو مضبوط بنانے اور ایک صحت مند اور مستحکم سندھ کی تشکیل کا ذریعہ ہے۔
Read Next
1 دن ago
وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ سے ورلڈ بینک مشن کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات
3 دن ago
وزیراعلیٰ سندھ نے مالی سال 2026.27 کا بجٹ پیش کردیا،تنخواہ اورپنشن میں 7 فیصد اضافہ، کم ازم کم اجرت بڑھاکر 43 ہزار مقرر
4 دن ago
*وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت محصولات جمع کرنے والے محکموں کا اجلاس*
5 دن ago
گندم ذخیرہ اندوزی کیخلاف سخت کارروائی کا حکم،گندم ذخیرہ کرنے کے طریقہ کار کو ریگولیٹ کیا جائے،وزیراعلیٰ سندھ
5 دن ago
*وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ اجلاس*
Related Articles
*ملیر کے عوام کےلئے خوشخبری، این آئی سی وی ڈی اور حسن سلیمان ہسپتال میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط*
1 ہفتہ ago
سکھر سے روہڑی، جدید اور آسان سفری سہولت فراہم کرنے کیلئے جمالو ٹرین کا آزمائشی سفر کامیابی سے مکمل
2 ہفتے ago




