میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے 149ویں یومِ پیدائش کے موقع پر مزارِ قائد پر حاضری دی اور بابائے قوم کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا، انہوں نے کراچی کے شہریوں کی جانب سے مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی،اس موقع پر کے ایم سی سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، منتخب نمائندے اور دیگر بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر پوری قوم بالخصوص شہرِ قائد کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ25 دسمبر وہ تاریخی دن ہے جب برصغیر اور عالمِ اسلام کے ایک عظیم رہنما، بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی ولادت ہوئی، یہ دن ہمیں اس عظیم لیڈر کی جدوجہد، قربانیوں اور وژن کی یاد دلاتا ہے جن کی انتھک محنت اور کاوشوں کے نتیجے میں ہمیں ایک آزاد ریاست پاکستان حاصل ہوئی، قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی بے لوث، اصولی اور مدبر قیادت کے نتیجے میں ہمیں پاکستان جیسی آزاد ریاست نصیب ہوئی،قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ نے تحریکِ پاکستان کے دوران ہر مشکل کا فہم و فراست، استقامت اور دانشمندی سے مقابلہ کیا اور برصغیر کے مسلمانوں کو ایک الگ وطن دلانے میں تاریخی کردار ادا کیا، قائدِ اعظمؒ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا خصوصاً مسلمانوں کے ایک عظیم اور اہم رہنما تھے،انہوں نے کہا کہ کراچی شہر کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی پیدائش بھی اسی شہر میں ہوئی اور وہ اسی شہر میں آسودہ خاک ہیں،قائدِ اعظمؒ کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم شہر اور ملک کو ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں،میئر کراچی نے کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی زندگی، جدوجہد اور اصول ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ہمیں بحیثیت قوم اس ملک کو قائدِ اعظمؒ کے افکار اور اصولوں کے مطابق آگے بڑھانا ہوگا

،انہوں نے کہا کہ بحیثیت ایک آزاد شہری اور کراچی کے عوام کی جانب سے میں قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہم پر آزادی جیسا عظیم احسان کیا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، آج کے دن مزارِ قائد پر حاضری کا مقصد قائدِ اعظمؒ کے افکار اور وژن کو سمجھنا اور اس بات کا عزم کرنا ہے کہ ہم ان کی سوچ کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کس طرح اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں،میئر کراچی نے کہا کہ 25 دسمبر کی اہمیت قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی سالگرہ کے ساتھ ساتھ کرسمس کے تہوار کے حوالے سے بھی ہے، انہوں نے اس موقع پر ملک بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں اور یہ دن بین المذاہب ہم آہنگی، محبت اور رواداری کا پیغام دیتا ہے،انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام انسانوں کو خوشیاں عطا فرمائے اور ہمیں اس بات کی توفیق دے کہ ہم انسانیت کو مقدم رکھتے ہوئے عوام الناس کی خدمت کریں اور معاشرے میں امن، بھائی چارے اور محبت کو فروغ دیں، میئر کراچی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر کوئی بھی سیاسی جماعت کراچی اور سندھ کے مفاد میں سنجیدہ ہے اور وفاقی حکومت کے سامنے اس شہر کا مقدمہ مؤثر انداز میں لڑنے کی یقین دہانی کراتی ہے تو وہ اس کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی شہر کو کسی قسم کی عملی سپورٹ حاصل نہیں ہو رہی، حالانکہ یہ شہر ملک کے لیے سب سے زیادہ زرمبادلہ کما کر دیتا ہے،میئر کراچی نے کہا کہ وفاقی حکومت سے متعدد بار مطالبہ کیا جا چکا ہے کہ کراچی کو اس کا جائز حق دیا جائے، یہاں تک کہ کراچی کے تاجر، جو پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، وہ بھی وفاقی حکومت سے ڈویلپمنٹ گرانٹس کے منتظر ہیں، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ انہیں بھی وفاق کی جانب سے کوئی ڈویلپمنٹ گرانٹس نہیں ملتی،انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے ڈویلپمنٹ گرانٹس اس وقت بھی سندھ حکومت ہی فراہم کر رہی ہے جبکہ وفاقی حکومت اس شہر سے زرمبادلہ حاصل کرتی ہے اس لیے یہ وفاقی حکومت کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کراچی کے لیے مناسب فنڈز مختص کرے،میئر کراچی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے کراچی کے صنعتی علاقوں کے لیے سوا 9 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے جس کے حوالے سے اجلاس بھی منعقد ہوچکا ہے، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ چھ ماہ کے اندر ان رقوم کو مکمل شفافیت کے ساتھ خرچ کیا جائے گا تاکہ صنعتی علاقوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں، یہ سال ترقیاتی کاموں کا سال ہے انہوں نے کہا کہ دستیاب تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے تاکہ شہر کی بہتر انداز میں خدمت کی جا سکے۔






