صوبائی وزراء رمیش سنگھ اروڑہ ،رانا سکندر حیات کی مینارٹیز ڈے کی تقریب میں شرکت،تقریب کا اہتمام برگد نامی فلاحی تنظیم کے اشتراک سے کیا گیا

لاہور 08 اگست:: صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ اور وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے مینارٹیز ڈے کے حوالے سے محکمہ انسانی حقوق اور برگد نامی فلاحی تنظیم کے اشتراک سے منعقد تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب کا انعقاد ای لائبریری نزد قذافی اسٹیڈیم میں کیا گیا ،جس میں سکھ، ہندو ، مسیحی اور مسلم کمیونٹی سے وابستہ لاہور کی 12 یو سیز سے منسلک نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ تقریب میں علامہ اصغر چشتی ، ڈائریکٹر انسانی حقوق محمد یوسف ، ماہر موسمیات ماہین اعظم خان، کنئیرڈ کالج سے رومہ شمشاد اور پنجاب حکومت کے قائم کردہ میثاق سینٹر کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر برگد صبیحہ شاہین نے تقریب کے اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال 11 اگست کو مینارٹیز ڈے کی تقریب منائ جاتی ہے تاکہ مذہبی اقلیتوں میں احساس محرومی کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ 11 اگست 1947 کو قائد اعظم نے واضح کیا تھا کہ پاکستان میں آپ سب لوگ اپنی عبادت گاہوں میں جا نے کے لئے مکمل آزاد ہوں گے اور آج پنجاب حکومت اسی خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے تاریخی اقدامات کر رہی ہے تاکہ حقیقی معنوں میں سب کا پاکستان بنایا جائے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ میری چار نسلیں اسی مٹی میں دفن ہیں اور میں بھی اسی مٹی میں دفن ہونا چاہوں گا۔ حالیہ بجٹ میں مذہبی اقلیتوں کے لیے تاریخ ساز بجٹ مختص کیا گیا ہے تاکہ ماضی میں پایا جانیوالا احساس محرومی ختم کیا جا سکے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اس وقت مذہبی اقلیتوں سے منسلک 18 ہزار کے قریب سیٹیں خالی پڑی ہیں۔ پنجاب حکومت خواہاں ہے کہ مذہبی اقلیتوں کو ہر میدان میں آگے لایا جائے اور اس حوالے سے ایک لیٹر فنانس ڈیپارٹمنٹ کو بھجوا رہے ہیں جبکہ مذہبی اقلیتوں سے وابستہ نوجوانوں کے لیے تقریباً 200 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس میں مینارٹیز ڈیویلپمنٹ فنڈ قابل ذکر ہے تاکہ جدھر کرسچن یا ہندو کمیونٹی آباد ہے ادھر ڈیویلپمنٹ کے کام تیز کئے جاسکیں۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اپنے خطاب میں کہا کہ مذہبی اقلیتوں کے لیے اسکالر شپس کی گرانٹ بڑھا دی گئی ہے تاکہ نوجوانوں کو تعلیم کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ہر مذہب انسانیت کی بات کرتا ہے اور اسی سوچ کو پنجاب حکومت عملی طور پر نافذ کر رہی ہے۔ تقریب میں ایک پینل ڈسکشن کا اہتمام بھی کیا گیا ،جس میں نوجوانوں نے مختلف سوالات کیے اور وزراء نے جوابات دئیے۔ تقریب میں خصوصی طور پر 78 سالہ ہدایت مسیح مالی کو 60 سال سے لگ بھگ 18 لاکھ پودے لگانے پر شیلڈ اور کیش انعام دیا گیا ۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزراء کو یادگاری شیلڈز اور برگد سے منسلک عہدیداران کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button