پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2024-25 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے پندرہویں اجلاس میں روڈز سیکٹر کی 7 ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 11 ارب 77کروڑ 58لاکھ 32 ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کی۔
صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں چکوال میں چوا چوک چکوال سے چوابائی پاس تک پنڈ دادن خان روڈ کی بہتری و بحالی (ترمیمی) کیلئے 2 ارب 39کروڑ 87لاکھ 55ہزار روپے، جھنگ گوجرہ روڈ کی بہتری وبحالی (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 53کروڑ 28لاکھ 52ہزار روپے، داری میرو لدان تا غوث آباد تک نئے روڈ کی تعمیر (ترمیمی) کیلئے 63کروڑ 39لاکھ 86ہزار روپے، سمندری ساہیوال روڈ کی بہتری و بحالی (ترمیمی) کیلئے 2 ارب 71کروڑ 81لاکھ 39 ہزار روپے، ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل کمالیہ کی یونین کونسل 57 تا 68 اور تحصیل پیر محل کی یونین کونسل 69 تا85 میں نئے روڈز کی تعمیر اور پرانے روڈز کی مرمت کیلئے 41کروڑ 63لاکھ 12 ہزار روپے، قصور میں چونیاں تا جمبر روڈ کو دو رویہ کرنے (ترمیمی) کیلئے 2 ارب 52کروڑ 50لاکھ 94ہزار روپے اور نارووال تا ظفر وال روڈ کی بہتری و بحالی کیلئے 1 ارب 55کروڑ 6لاکھ 94 ہزار روپے شامل ہیں۔
اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل سمیت چیف اکانومسٹ ناصر اقبال ملک، متعلقہ سیکرٹریز، محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔