وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ سے ورلڈ بینک مشن کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ سے ورلڈ بینک مشن کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں سندھ میں بلدیاتی نظام کی بہتری، غیر منقولہ جائیداد (پراپرٹی) ٹیکس کی وصولی کے جدید نظام، مقامی حکومتوں کے اختیارات اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد، پروجیکٹ ڈائریکٹر کلیک، ڈائریکٹر یو آئی پی ٹی سمیت محکمہ بلدیات کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔ اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ صوبے میں غیر منقولہ جائیداد پر پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کے لیے جدید اور شفاف نظام جلد متعارف کرانے جا رہی ہے، جس سے ریونیو میں اضافہ، خدمات کی فراہمی میں بہتری اور بلدیاتی اداروں کی مالی خودمختاری کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پراپرٹی ٹیکس کا جدید نظام کراچی میں کامیابی کے ساتھ کام کر رہا ہے اور اب ورلڈ بینک کے تعاون سے اس نظام کا دائرہ کار پورے سندھ تک وسیع کیا جائے گا تاکہ شہری اور دیہی علاقوں میں یکساں اور مؤثر ٹیکس نظام نافذ کیا جا سکے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا وژن اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام کو ان کی دہلیز پر تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں اور بلدیاتی اداروں کو مزید بااختیار بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ بلدیاتی قوانین میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جامع ترامیم کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، جن کا مقصد مقامی حکومتوں کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنانا ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ یوسی سطح تک منتخب نمائندوں کو مضبوط اور بااختیار بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ مجوزہ قانونی اصلاحات کے بعد ٹاؤن واٸس چیئرمینز اور ڈپٹی میئرز کو بھی مزید انتظامی اور مالی اختیارات حاصل ہوں گے، جس سے مقامی سطح پر عوامی مسائل کے حل میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو ٹاؤن غیر منقولہ جائیداد ٹیکس کی وصولی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا، اسے ترقیاتی فنڈز کی مد میں اضافی وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ بہتر کارکردگی کی حوصلہ افزائی ہو اور ترقیاتی عمل مزید تیز ہو سکے۔ ملاقات کے دوران ورلڈ بینک مشن کے وفد نے سندھ میں پراپرٹی ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور بلدیاتی اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور حکومت سندھ کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے وفد کو حکومت سندھ اور اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے صوبے میں جدید شہری نظم و نسق، مالیاتی اصلاحات اور عوامی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button