پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبائی حکومت کی جانب سے 15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز پیش کی گئی۔ اجلاس میں انتخابی عمل کو سیکیورٹی اور انتظامی سہولیات کے پیش نظر مرحلہ وار مکمل کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور آئی۔الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق مرحلہ وار انتخابات کرانے کا مقصد سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانا اور انتخابی عمل کے دوران انتظامی مشکلات کو کم کرنا ہے۔ اجلاس میں اس امر کو بھی مدنظر رکھا گیا کہ دسمبر اور جنوری کے دوران طلبہ کے بیشتر امتحانات مکمل ہوچکے ہوں گے، جس کے باعث تعلیمی اداروں اور تدریسی عملے کی خدمات پولنگ کے انتظامات کے لیے بہتر انداز میں حاصل کی جاسکیں گی۔ اس عرصے میں دھند کی شدت نسبتاً کم ہونے کی توقع بھی انتخابی شیڈول کی تجویز میں شامل عوامل میں سے ایک ہے۔اجلاس میں الیکشن کمیشن کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندی کا عمل مکمل ہوچکا ہے، جس کے بعد انتخابی شیڈول کی جانب پیش رفت ممکن ہوگئی ہے۔ کمیشن نے تجویز کردہ مدت کے دوران بلدیاتی انتخابات کرانے پر اصولی اتفاق کرتے ہوئے مرحلہ وار انتخابات کا جامع پلان جلد پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کمیٹی کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کو سراہتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت مقامی حکومتوں کا قیام اور بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے، جبکہ متعلقہ حکومت کی مدت مکمل ہونے کے بعد مقررہ آئینی مدت کے اندر انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندی مکمل ہونے اور ممکنہ انتخابی مدت پر اصولی اتفاق کے بعد مقامی حکومتوں کے انتخابی عمل نے ایک اہم مرحلہ طے کرلیا ہے۔ اب الیکشن کمیشن کی جانب سے مرحلہ وار پولنگ کا منصوبہ، حتمی انتخابی شیڈول اور دیگر انتظامی تفصیلات سامنے آنے کے بعد امیدواروں، سیاسی جماعتوں اور مقامی سطح پر انتخابی سرگرمیوں میں مزید تیزی متوقع ہے۔
بلدیاتی انتخابات کا انعقاد پنجاب میں مقامی سطح پر نمائندہ حکومتوں کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ہوگا، جس کے نتیجے میں شہری و دیہی علاقوں میں مقامی مسائل، ترقیاتی ترجیحات اور عوامی خدمات سے متعلق فیصلوں میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کا کردار دوبارہ فعال ہونے کی راہ ہموار ہوگی۔پنجاب میں بلدیاتی انتخابات: آئینی تقاضوں، حکومتی تاخیر اور عوامی مفاد کا تحقیقی و تجزیاتی جائزہ،الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 20 اگست 2026ء کو جاری کردہ حالیہ پریس ریلیز نے پنجاب میں ایک طویل عرصے سے التوا کا شکار بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پیش رفت کا نیا باب کھول دیا ہے۔ چيف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں پنجاب کابینہ کی چار رکنی کمیٹی، جس کی سربراہی صوبائی وزیرِ لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق کر رہے تھے، نے شرکت کی اور صوبے میں بلدیاتی معرکے کی ممکنہ تاریخوں کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی۔ صوبائی حکومت کی جانب سے تجویز پیش کی گئی ہے کہ 15 دسمبر 2026ء سے 15 جنوری 2027ء کے درمیان مرحلہ وار (Phases) بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں۔ اس تجویز کی پشت پر جو جواز تراشے گئے ہیں، ان میں امتحانات کی تاریخوں سے گریز، دھند (Fog) کے خدشات، ٹیچنگ اسٹاف کی دستیابی اور سیکیورٹی وسائل کا انتظام شامل ہے۔ اگرچہ الیکشن کمیشن نے اصول طور پر اس وقت کے فریم سے اتفاق کرتے ہوئے جلد ہی حتمی الیکشن پلان پیش کرنے کی بات کی ہے، لیکن یہ سوال بدستور اپنی جگہ قائم ہے کہ آئینی و قانونی تقاضوں کے ہوتے ہوئے مقامی حکومتوں کی تشکیل میں مسلسل تاخیر کہاں تک جائز ہے اور یہ طویل انتظار عوام کے بنیادی حقوق کو کس طرح متاثر کر رہا ہے۔

آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 140-A کے تحت صوبائی حکومتوں کو پابند کرتا ہے کہ وہ مقامی حکومتوں کا قیام عمل میں لائیں اور انہیں انتظامی و مالیاتی اختیارات تفویض کریں۔ مزید برآں، الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 219(4) کے تحت بلدیاتی حکومتوں کی مدت ختم ہونے کے بعد 120 دن کے اندر اندر نئے انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے۔ الیکشن کمیشن کے اپنے بیان کے مطابق پنجاب میں حلقہ بندیوں کا بنیادی عمل مکمل ہو چکا ہے، تاہم الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(3) اور پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعہ 59 کے تحت محض حتمی تاریخ کے اعلان کے لیے صوبائی حکومت سے مشاورت کا مرحلہ باقی تھا۔ اس واضح آئینی و قانونی فریم ورک کے باوجود صوبائی حکومت کی جانب سے 15 دسمبر 2026ء سے 15 جنوری 2027ء کا جو دائرہ اختیار مانگا گیا ہے، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جمہوری عمل کا بنیادی ستون یعنی مقامی حکومتیں اب بھی بیوروکریسی اور صوبائی صوابدید کی مرہونِ منت ہیں۔
تعلیمی امتحانات اور موسمی حالات جیسے انتظامی وجوہات کو بنیاد بنا کر انتخابات کو مزید آئندہ مہینوں پر ٹالنا عوام کے بنیادی مفادات کی قیمت پر ہی ہو رہا ہے۔ عام شہری کا روزمرہ زندگی میں سب سے پہلا اور براہِ راست واسطہ مقامی حکومتوں سے پڑتا ہے۔ گلی محلوں کی صفائی، نالیوں کی دیکھ بھال، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سٹریٹ لائٹس، پیدائش و موت کے اندراج، مقامی سطح پر صحت و تعلیم کی بنیادی سہولیات اور نچلی سطح کے تنازعات کا حل وہ مسائل ہیں جو صوبائی یا قومی اسمبلی کے ارکان کے بجائے مقامی بلدیاتی نمائندے ہی مؤثر طریقے سے حل کر سکتے ہیں۔ بلدیاتی نمائندوں کی عدم موجودگی میں تمام اختیارات بیوروکریسی کے پاس چلے جاتے ہیں، جہاں نہ تو عوام کی رسائی آسان ہوتی ہے اور نہ ہی بیوروکریسی کے افسران عوام کے سامنے جوابدہ ہوتے ہیں۔ اس کی وجہ سے نہ صرف مقامی سطح پر ترقیاتی کام جمود کا شکار رہتے ہیں بلکہ فنڈز کی غیر متوازن تقسیم سے عوامی ناخوشگواریاں بھی جنم لیتی ہیں۔پاکستان کا سیاسی اور انتظامی نظام اس وقت تک مکمل اور مستحکم نہیں ہو سکتا جب تک کہ نچلی سطح پر جمہوریت کو فعال نہ کیا جائے۔ مقامی حکومتیں دراصل سیاسی تربیت گاہ کا کام کرتی ہیں جہاں سے نئی سیاسی قیادت جنم لیتی ہے اور بعد میں صوبائی و قومی سطح پر ملک کی باگ ڈور سنبھالتی ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں تاخیر سے جہاں ایک طرف جمہوریت کی جڑیں کمزور ہوتی ہیں، وہاں دوسری طرف شہریوں کے اندر یہ احساسِ محرومی پیدا ہوتا ہے کہ ان کے بنیادی مسائل کی شنوائی کے لیے کوئی فوری منصفانہ پلیٹ فارم موجود نہیں۔اگرچہ الیکشن کمیشن نے کابینہ کمیٹی کی تجاویز کی تعریف کرتے ہوئے اسے ایک آئینی ذمہ داری کی تکمیل کی جانب قدم قرار دیا ہے اور پنجاب حکومت نے مرحلہ وار انتخابات کروانے کی خواہانی ظاہر کی ہے تاکہ سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کو بہتر بنایا جا سکے، لیکن اب ضرورت اس امر کی ہے کہ الیکشن کمیشن اس فیصلے کو التوا کا شکار نہ ہونے دے۔ 15 دسمبر 2026ء سے 15 جنوری 2027ء کا مجوزہ وقت اب حتمی ہونا چاہیے اور اس میں کسی بھی قسم کی مزید توسیع سے گریز کیا جانا چاہیے۔ تمام تر سیکیورٹی و انتظامی چیلنجز کے باوجود نچلی سطح پر اقتدار کی منتقل اور عام شہری کو ان کے گلی محلے کا نمائندہ فراہم کرنا ہی جمہوری پائیداری اور عوامی مفاد کا واحد اور ناگزیر راستہ ہے۔






