سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیراعظم چیمبر میں واپڈا کے امور سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری اور واپڈا کے اعلی حکام نے شرکت کی اور ادارے کی کارکردگی و عوامی مسائل کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ عوام کے لیے ہر ممکن آسانیاں اور سہولیات پیدا کی جائیں۔ انہوں نے بجلی کے نئے کنکشنز کی فراہمی میں عوام کی سہولت کو اولین ترجیح دینے کی تاکید کرتے ہوئے کارروائی مکمل کرنے کے لیے واضح ٹائم فریم مقرر کرنے کا حکم دیا تاکہ شہریوں کو بلاوجہ کی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ٹرانسفارمرز کی تبدیلی اور بجلی کی دیگر تنصیبات کے حوالے سے موصول ہونے والی عوامی شکایات کے فوری اور بلا تاخیر ازالے پر زور دیا۔ حمزہ شہباز شریف نے یہ بھی تجویز کیا کہ قومی اسمبلی کے تمام حلقوں میں واپڈا کے فوکل پرسنز کا تقرر کیا جائے تاکہ عام شہریوں کو درپیش مسائل کی مقامی سطح پر فوری داد رسی ممکن بنائی جا سکے۔






