پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2024-25 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اٹھارہویں اجلاس میں سوشل ویلفیئر اور ہیلتھ سیکٹرز کی 2 ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 3 ارب 36کروڑ 68لاکھ 96ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کی۔
صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں وزیر اعلیٰ ہمت کارڈ پروگرام برائے معذور افراد (ترمیمی) کیلئے 2 ارب 65کروڑ 81لاکھ 20 ہزار روپے اور چلڈرن ہسپتال لاہور میں برن سنٹر کے قیام (ترمیمی) کیلئے 70کروڑ 87لاکھ 76ہزار روپے شامل ہیں۔اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل سمیت چیف اکانومسٹ مسعود انور، متعلقہ سیکرٹریز، محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔