صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کےاجلاس میں 10 سکیموں کیلئے 27605 ملین کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی ۔ فنڈز کی منظوری صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے8 ویں اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس کی صدارت چیرمین پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر نعیم رؤف نے کی۔ صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی اجلاس میں جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں فیروز والا ضلع شیخوپورہ میں جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 1781 ملین ، پنجاب ہاؤس مری میں نیو بلاک کی تعمیر کے لیے1269 ملین ، پنجاب میں گارمنٹ سٹیزکے قیام کے لیے 4569 ملین ، سپیشل ایجوکیشن کے اداروں میں زیر تعلیم سپیشل بچوں کےچیف منسٹر میل پروگرام کیلئے 1070 ملین ، گوجرانوالہ میں مریم نواز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام کے لیے 14000 ملین، حاجی کیمپ سے دریائے راوی تک سٹارم واٹر ڈرینج سسٹم کے لیے 4916 ملین کی منظوری شامل ہے ۔
صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی اجلاس میں چیف منسٹر ماڈل ویلجز کے قیام کے پوزیشن پیپر، ٹی اےایم ڈیپارٹمنٹ میں بزنس ڈیویلپمنٹ سیل کے قیام اور آئی ٹی کے فروغ کے پراجیکٹ کے پوزیشن پیپر،ٹورازم ،آرکیالوجی اور میوزیم ڈیپارٹمنٹ میں سٹریٹیجک مینجمنٹ یونٹ کے قیام کے پوزیشن پیپراور بیلٹ ہیریٹج کے فروغ کیلئے ٹورزم اینڈ ہیریٹج ڈیویلپمنٹ فورس کے قیام کے لیے پوزیشن پیپرز کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ رفاقت علی ،چیف اکانومسٹ ڈاکٹر فرخ نوید ،ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک ہوئے ۔






