وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کے دوران انسدادِ سموگ اقدامات اور صفائی کے اہداف پر غور کیا گیا ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ڈی جی لوکل گورنمنٹ اور دیگر افسروں نے بھی شرکت کی جبکہ پنجاب بھر کے چیف آفیسرز، میونسپل آفیسرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ سموگ سے نبٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے میونسپل عملے کو صفائی عمل کی نگرانی میں شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا کہ میونسپل آفیسرز، سب انجنیئرز اور کلریکل سٹاف کی بھی فیلڈ ڈیوٹی لگائی جائے اور یہ لوگ ہر وارڈ میں جاکر صفائی ستھرائی کے اہداف کا حصول یقینی بنائیں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ لوڈر رکشوں کی 21 ہزار میں سے 19 ہزار بیٹس کی جیومیپنگ ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کونسلز کے افسران مشینری کی موبلائزیشن کی نگرانی کریں۔ شہروں کے ساتھ دیہات میں بھی جا کر سُتھرا پنجاب کے ورکرز کی حاضری چیک کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری یونین کونسل اپنے علاقے سے زیادہ واقف ہوتا ہے۔ یوسی سیکرٹری دفتری امور نبٹانے کے ساتھ فیلڈ کے بھی دورے کریں۔ ذیشان رفیق نے خبردار کیا کہ کسی جگہ کوڑا یا فصلوں کی باقیات جلائی گئیں تو سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صحتمند ماحول کیلئے سموگ سیزن کے دوران تمام متعلقہ محکموں سے رابطہ رکھا جائے۔






