گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے راشد نصراللہ، سیکریٹری برائے میاں نواز شریف؛میاں مرغوب احمد وائس چیئرمین ایل ڈی اے معروف سیاست دان،طاہر فاروق، ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے)؛ اور نجم الثاقب ڈائریکٹر جنرل پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی (پی ڈبلیو سی اے) کے ہمراہ لاہور ہیریٹیج اینڈ اربن ری جنریشن منصوبے کے تحت جاری مختلف ترقیاتی و بحالی منصوبوں کا دورہ کیا۔اس دورے میں نیلا گنبد اسکوائر، دہلی گیٹ مصالحہ مارکیٹ، شاہی حمام اور وزیر خان چوک شامل تھے۔
اس موقع پر گورنر سندھ کو جاری تحفظِ آثار، بحالی اور شہری بہتری کے کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ان منصوبوں کا مقصد تاریخی عمارتوں کی بحالی، عوامی مقامات کو بہتر بنانا اور لاہور کے تاریخی مرکز کے شہری ماحول کو مزید خوب صورت اور بہتر بنانا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈبلیو سی اے، جناب نجم الثاقب نے کہا کہ لاہور ہیریٹیج اینڈ اربن ری جنریشن (ایل ایچ اے آر )منصوبہ حکومتِ پنجاب کے اس عزم کا عکاس ہے کہ لاہور کی تاریخی شناخت کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ پائیدار شہری ترقی کو بھی فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی مقامات کا تحفظ، روایتی بازاروں کی بحالی اور تاریخی عوامی مقامات کی بہتری شہر کے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے اور شہریوں و سیاحوں کے لیے اس کی کشش میں اضافے کے لیے نہایت اہم ہیں۔اس دورے سے لاہور کے تعمیراتی و ثقافتی ورثے کے تحفظ اور تاریخی شہری منظرنامے کی بحالی کے لیے مختلف اداروں کے باہمی تعاون کی اہمیت اجاگر ہوئی۔اس منصوبے کے تحت پی ڈبلیو سی اے اور متعلقہ سرکاری ادارے مشترکہ طور پر کوششیں کر رہے ہیں تاکہ لاہور کے تاریخی مقامات کو فعال، قابلِ رسائی اور آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔






