کمشنر لاہور نعمان یوسف سے صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز علی حسام اصغر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں حکومت پنجاب کی جانب سے تجارت و صنعت کے فروغ کیلئے
اقتصادی و تجارتی پالیسی اور حکومت کے تجارت دوست اقدامات بارے بات چیت کی گئی۔ کمشنر لاہور نعمان یوسف نے کہا ہے کہ اقتصادی و تجارتی ترقی و پالیسی میں لاہور چیمبر آف کامرس و انڈسٹریز کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس و انڈسٹریز کے ساتھ مستحکم رابطہ و معاونت کیلئے تمام ضروری اقدامات کررہے ہیں، ایڈیشنل کمشنر کنسالیڈیشن ڈویژنل فوکل پرسن ہونگے، ایل سی سی آئی کیلئے رابطہ پوائنٹ ہونگے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ حکومت پنجاب کی کاروبار کی حوصلہ افزائی و فروغ کیلئے ہدایات واضح ہیں، حکومت پنجاب کے تجارت فروغ پروگرام ”ای بز“ کیلئے پی آئی ٹی بی چیمبر ہاوس میں بریفنگ دیں گے، ای بز پروگرام میں شامل تمام سروسز ایک پورٹل پر مہیا ہیں۔صدر لاہور چیمبر آف کامرس و انڈسٹریز علی حسام اصغر نے کہا ہے کہ تجارت و صنعت کے فروغ کیلئے ای بز پروگرام سے مکمل آگاہی نہایت سودمند ثابت ہوگی، ایل سی سی آئی حکومت کے تجارت دوست تمام اقدامات کو سراہتی ہے۔





