وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق کی زیر صدارت میونسپل کمیٹی آفس ڈسکہ میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ڈسکہ میں جاری سیلف صفائی آپریشن، صفائی کے انتظامات اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈسکہ یاسر گیلانی، اے پی ڈی سیالکوٹ رانا ابرار، ڈسٹرکٹ منیجر ستھرا پنجاب اتھارٹی سیالکوٹ مجاہد، ایم او آئی عزیر ارشد اور سب انجینئر ڈسکہ کبیر نے شرکت کی۔
چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈسکہ یاسر گیلانی نے شہر میں جاری صفائی آپریشن، دستیاب وسائل، افرادی قوت اور اب تک کیے گئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صفائی کے انتظامات کو مؤثر بنانے کیلئے ضروری سینٹری ورکرز، اضافی عملے اور متعلقہ مشینری کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے ڈسکہ میں صفائی آپریشن دو شفٹوں میں مسلسل جاری رکھنے اور آئندہ تین روز کے اندر شہر کے تمام ویسٹ پوائنٹس مکمل طور پر کلیئر کرنے کے احکامات جاری کیے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کنٹریکٹر کے جانے کے بعد صفائی کی صورتحال میں پیدا ہونے والی خرابی پر فوری قابو پانا ناگزیر ہے۔ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے تمام فیلڈ مانیٹرنگ افسران کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وزیر بلدیات نے متعلقہ افسران کو خود فیلڈ میں موجود رہ کر صفائی آپریشن کی مسلسل نگرانی کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔اجلاس کے دوران کالج روڈ ڈسکہ پر صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کیلئے بھی اہم ہدایات جاری کی گئیں۔ صوبائی وزیر نے کالج روڈ پر موجود بڑے ویسٹ کنٹینرز کیلئے سروس روڈ پر مخصوص جگہ مختص کرنے اور اس کے اطراف حفاظتی دیوار تعمیر کرنے کی ہدایت کی، جبکہ کالج روڈ کی دوسری جانب 10 چھوٹے ویسٹ کنٹینرز رکھنے کے احکامات بھی جاری کیے۔اجلاس میں وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی سیاسی ٹیم کے سینئر رہنماؤں نے بھی شرکت کی اور شہر میں صفائی کے نظام کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں۔






