گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کے لئےاحسن اقبال کی سربراہی میں تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی کا اجلاس

وزیراعظم پاکستان کی جانب سے گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کے لئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی سربراہی میں تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی کابینہ اور گلگت بلتستان اسمبلی کی جانب سے گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبے کا درجہ دینے اور خطے کے معاشی استحکام کے حوالے سے منظور کی گئی سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام گزشتہ 78 سال سے مسئلہ کشمیر کے باعث آئینی و معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام اور سیاسی جماعتیں قومی دھارے میں موثر شمولیت اور معاشی استحکام کے ایجنڈے پر متفق ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے تناظر میں گلگت بلتستان کو کم از کم عبوری آئینی صوبے کا درجہ دیا جائے اور خطے کے معاشی استحکام کے لیے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت مناسب حصہ فراہم کیا جائے، تاکہ عوام میں پائے جانے والے احساسِ محرومی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔گلگت بلتستان کی جغرافیائی اور دفاعی اہمیت کے پیشِ نظر اس خطے کی ترقی اور مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ گلگت بلتستان سیاحت کے حوالے سے منفرد مقام رکھتا ہے اور یہاں معاشی سرگرمیوں اور سیاحت کے فروغ کے لیے گلگت میں بین الاقوامی ایئرپورٹ کا قیام ناگزیر ہے۔ لہٰذا بین الاقوامی ایئرپورٹ کے قیام کو بھی خصوصی کمیٹی کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ فائبر آپٹک کے علاوہ جدید متبادل ذرائع متعارف کرانے کی تجاویز بھی کمیٹی کے ایجنڈے میں شامل کی جائیں، تاکہ خطے میں ڈیجیٹل رابطوں کو بہتر بنایا جا سکے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے۔گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی کے عمل کو تیز کرنے اور خطے کو درپیش معاشی مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم پاکستان کو ایک خصوصی اسٹیبلائزیشن پیکیج فراہم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ لہٰذا اس پیکیج کو خصوصی کمیٹی کی حتمی سفارشات میں شامل کرکے وزیراعظم پاکستان کو پیش کیا جائے، تاکہ گلگت بلتستان میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنے اور معاشی استحکام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔اس موقع پر کمیٹی کے چیئرمین و وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور گلگت بلتستان اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حافظ حفیظ الرحمن نے وزیراعلیٰ کے موقف کی تائید کی۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ گلگت بلتستان کے مسائل کا حل وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی خطے کو درپیش آئینی، معاشی اور ترقیاتی مسائل کا تفصیلی جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے جامع تجاویز مرتب کرے گی، جو وزیراعظم پاکستان کو پیش کی جائیں گی۔

جواب دیں

Back to top button