عیدالاضحیٰ 2025 کے لئے مویشی منڈیوں اور صفائی کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت،محکمہ بلدیات کی طرف سےگائیڈ لائنز جاری

حکومت پنجاب نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں کے قیام اور صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات یقینی بنانے کے لیے صوبہ بھر کی تمام بلدیاتی اداروں، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

یہ مراسلہ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں کی ہدایات پر سیکشن آفیسر کمپنیز کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔محکمہ لوکل گورنمنٹ کے مطابق، عید کے تینوں روز تمام آپریشنل، سینیٹری اور سپروائزری عملے کی اسٹیشن لیو پر پابندی عائد ہوگی تاکہ ہر سطح پر صفائی، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا جا سکے۔مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ عیدالاضحیٰ سے 10 دن قبل تمام مویشی منڈیاں مکمل طور پر فعال کر دی جائیں گی۔ ان منڈیوں کا قیام گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی "نو پرافٹ، نو لاس” کی بنیاد پر کیا جائے گا تاکہ عوام کو کم سے کم مالی بوجھ کے ساتھ بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قانونی طور پر مختص کردہ مقامات پر مویشی منڈیوں اور جانوروں کے سیل پوائنٹس قائم کرے۔ غیر قانونی منڈیوں یا سیل پوائنٹس کے قیام کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔مراسلے کے مطابق، ان منڈیوں میں سیکورٹی اور صفائی کے جامع انتظامات کیے جائیں گے، شکایات کے بروقت ازالے کے لیے شکایتی سیل قائم کیے جائیں گے جبکہ جانوروں کے لیے مخصوص لوڈنگ اور ان لوڈنگ ایریاز، چارہ پوائنٹس، بیت الخلاء، اور آرام گاہیں بھی قائم کی جائیں گی۔

علاوہ ازیں، جانوروں کی صحت کے لیے لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کی معاونت سے ویٹرنری کیمپس اور انسانی طبی سہولیات کے لیے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے میڈیکل کیمپ اور ایمبولینس سروس کا بندوبست بھی کیا جائے گا۔سیکیورٹی کے حوالے سے منڈیوں میں 24 گھنٹے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے، جبکہ پارکنگ ایریا اور جانوروں کے وزن کے لیے کنڈے بھی مہیا کیے جائیں گے۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک پولیس کو تعینات کیا جائے گا۔محکمہ بلدیات نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بروقت اور منظم انداز میں انتظامات کو مکمل کریں تاکہ عوام کو قربانی کے موقع پر کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

جواب دیں

Back to top button