*وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں واسا لاہور کا بارہ دری میں نکاسی آب آپریشن*

وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات اور سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ر) نور الامین مینگل کی خصوصی ہدایات پر واسا لاہور کی جانب سے بارہ دری میں نکاسی آب آپریشن کیا گیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا لاہور غفران احمد نے چھٹی کے روز خود بارہ دری کا دورہ کرکے نکاسی آب آپریشن کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ایکسیئن راوی ٹاؤن نے ایم ڈی واسا کو نکاسی آب کے سلسلے میں کی جانے والی کارروائیوں اور آپریشن کی رفتار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

ایم ڈی واسا غفران احمد نے کہا کہ عوامی سہولت کے لیے نکاسی آب کے کاموں کو بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کرنا واسا لاہور کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ نکاسی آب آپریشن کے دوران تمام اہلکار اپنی ڈیوٹی پر موجود رہیں، غیر حاضری یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔اس کے علاوہ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ شہریوں سے موصول ہونے والی شکایات کو فوری طور پر حل کیا جائے اور کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے فالو اپ رپورٹ پیش کی جائے۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ واسا کا مقصد شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی سست روی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button