لاہور پریس کلب میں میٹرک نہم اور دہم کے سالانہ امتحانات میں اعلی پوزیشنز حاصل کرنے والے ممبران کے بچوں کے اعزازمیں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ مائی ایمپیکٹ میٹر کی چیف ایگزیکٹو کنول چیمہ ، نیلا گنبد مارکیٹ لاہور کے جنرل سیکرٹری بابرقادری اور صدر ارشد انصاری تقریب کے مہمانان خصوصی تھے ۔ تقریب میں ممبران اورپوزیشن ہولڈرز بچوں سمیت ان کے اہلخانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سیکرٹری زاہد عابد ، عالیہ خان ، عابد حسین نے اعلی پوزیشن ہولڈرز بچوں اور ان کے والدین کو کلب آمد پر خوش آمدید کہا۔صدر ارشد انصاری اور سیکرٹری زاہد عابد نے اعلی پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہاکہ آج بہت خوشی کا موقع ہے ، صحافیوں کے بچوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین پوزیشنز حاصل کرکے ہمارے سر فخر سے بلند کردیئے ہیں ، ہمیں خوشی ہے کہ موجودہ سوشل میڈیاکی موجودگی میں بچوں نے کتاب دوستی کا بھرپورمظاہر ہ کرتے ہوئے یہ ثابت کیاہے کہ اگروالدین کی توجہ ہو اور طلباءمحنت کریں تو کوئی بھی چیز راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی ۔ انھوں نے مزیدکہاکہ آج والدین بھی مبارکباد کے مستحق ہیں جنھوں نے بچوں پر بھرپور توجہ دی اور وہ کامیابی سے ہمکنارہوئے۔انھوں نے مزید کہاکہ والدین اپنے بچوں پر زبردستی کوئی فیلڈ کا انتخاب کرنے پر مجبورنہ کریں بلکہ ان کی دلچسپی کے مطابق انھیں اختیاردیں کہ وہ من پسند فیلڈ میں تعلیم حاصل کریں۔ اس موقع پر مہمانان خصوصی کنول چیمہ اور بابرقادری نے بچوںکو مبارکباد پیش کی اور نصیحت کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی کامیابی کے پیچھے آپ کے والدین اور اساتذہ کرام کی محنت شامل ہے ،آپ ہمارا روشن مسقبل ہیں اور یہ آپ کی عملی زندگی کی ابتداءہے جو مستقبل کی اعلی تعلیم کی بنیاد ہے ۔اعلی پوزیشن ہولڈربچوں میں یادگاری شیلڈز ، سرٹیفکیٹس،گفٹ ہیمپرز اور نقد انعامات دیئے گئے ۔ تقریب کی نقابت کے فرائض عمران شیخ نے اداکئے جبکہ تقریب کے شاندار انتظامات پر صدر ارشد انصاری اور سیکرٹری زاہد عابد نے ممبر گورننگ باڈی عالیہ خان کی کاوش کوسراہااور مہمانان خصوصی کو بھی یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔