اسلام آباد میں امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے،چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال اور سیکورٹی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے سے متعلق بدھ کے روز چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اہم ملاقات ہوئی۔ملاقات میں آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور جرائم کے روک تھام کیلئے فول پروف انتظامات کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ آئی جی اسلام آباد پولیس نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی جان و مال اور عزت کا تحفظ ہماری اولین ترجیح اور اسکو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد پولیس دن رات مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سیف سٹی کو عصر حاضر کے تقاضوں اور جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے۔ اور اس سلسلہ میں اسلام آباد میں سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہر کی تمام شاہراہوں، مراکز اور سیکٹرز کی نگرانی کا میکنزم بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پر قابو پانے کیلئے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بروقت کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں کی خصوصی نگرانی کے ساتھ شہر بھر میں پیٹرولنگ میں بھی اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں سیکورٹی کو مزید فول پروف بنانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط کوآرڈینیشن کو بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت اسلام آباد میں مجموعی امن و امان اور سیکورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہر قیمت پر شہریوں کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل اور ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button